اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):اردو کے ممتاز شاعر ، اد یب اور کالم نگار شبنم رومانی کی15ویں برسی ہفتہ کو منائی گئی۔شبنم رومانی کا اصل نام مرزا عظیم بیگ چغتائی تھا۔وہ 30 دسمبر 1928 کو شاہ جہاں پور میں پیدا ہوئے اور تقسیم کے بعد ان کا خاندان کراچی میں آباد ہو گیا۔
شبنم رومانی کراچی کے ادبی حلقوں کے ممتاز شاعر اور ادیب تھے۔ان کے شعری مجموعے مثنوی سائر کراچ،جزیرہ،حرفِ نسبت،توہمت اوردوسرا ہمالہ ادبی حلقوں میں انتہائی مقبول ہوئے۔شبنم رومانی نے روزنامہ مشرق میں طویل عرصے تک ہائیڈ پارک کے عنوان سے ادبی کالم بھی لکھا۔ ان کے اخباری کالموں کا مجموعہ بھی اسی نام سے شائع ہوا۔1989 میں شبنم رومانی نے ادبی جریدہ ”اقدار“ بھی جاری کیا جسے ادبی حلقوں میں خوب پذیرائی ملی۔واضح رہے کہ شبنم رومانی کا انتقال 17 فروری 2009 کو کراچی میں ہوا اور انہیں عزیز آباد قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی برسی کے موقع پر علمی اور ادبی حلقوں کی جانب سے مختلف تقریبات میں اردو ادب کیلئے ان کی گراں قدر خدمات کیلئے بحر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔