یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کے میلے”یورو ولیج” میں ہزاروں افراد کی شرکت

image

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کی جانب سےجناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والے میلے”یورو ولیج” میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور عوام کے عوام سے روابط کے فروغ کی کوششوں کو سراہا۔ اس سال کی تقریبات کا موضوع ایک پائیدار مستقبل کی مشترکہ تخلیق پر مرکوز تھا ، جس کا عنوان”مضبوط ساتھ۔ہمیشہ کے لئے پائیدار” تھا۔ تقریب میں یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان 60 سال سے زائد عرصے سے قائم مضبوط روابط کو اجاگر کیا گیا جس میں ترقی، تجارت اور سرمایہ کاری، ثقافت، تعلیم، ماحولیات اور دیگر شعبوں میں باہمی شراکت داری کا احاطہ کیا گیا۔

پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے اپنے استقبالیہ کلمات میں کہاکہ یورو ولیج ہمارے لئے ایک خاص تقریب ہے۔ ہم عوام سے عوام کے روابط کے لئے اس کوشش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال، ہم چاہتے ہیں کہ آپ ایک پائیدار مستقبل کی مشترکہ کاوش کے ہمارے تجربہ سے استفادہ کریں،یورپ آب و ہوا کے لحاظ سے غیر جانبدار پہلا براعظم بننے کا عزم رکھتا ہے لیکن وہ ماحول دوست منتقلی کے لیے اپنے شراکت داروں کی مدد کا بھی خواہاں ہے۔ پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے جو آب و ہوا کی تبدیلی سے سب سے زیادہ خطرے میں ہیں۔

یورپی یونین چیلنجز سے نمٹنے اور سب کے لیے پائیدار مستقبل کی تشکیل میں مدد کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔یورو ولیج کے پانچویں ایڈیشن میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے رہائشیوں کو یورپی استحکام کا تجربہ کرنے اور ثقافت، موسیقی سے لطف اندوز ہونے کے لئے مدعو کیا گیا تھا اور مہمانوں کی پرتکلف میزبانی کی گئی۔ فیسٹیول میں یورپی یونین اور رکن ممالک کی جانب سے انٹرایکٹو انفارمیشن ڈسپلے پیش کیے گئے ، جس میں گیمز، کوئز، کھانا اور مختلف سرگرمیاںشامل تھیں ۔

تقریب میں فرحان سعید اور قر العین بلوچ سمیت پاکستانی فنکاروں نے بھی لائیو پرفارمنس پیش کی۔ اس شراکت داری کی علامت کے طور پر، یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان دوستی ٹرک کی نمائش کی گئی جس میں معروف پاکستانی ٹرک آرٹ کو یورپی علامتوں اور ڈیزائنوں کے ساتھمزین کیاگیا تھا۔ یورو ولیج کا اہتمام یورپی یونین اور آسٹریا ، بیلجیم ، بلغاریہ ، چیک جمہوریہ ، ڈنمارک ، فن لینڈ ، فرانس ، جرمنی ، یونان ، ہنگری ، اٹلی ، نیدرلینڈز ، پولینڈ ، رومانیہ اور اسپین کے سفارتی مشنوں نے مشترکہ طور پرکیا تھا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US