اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں مادری زبانوں کا عالمی دن 21 فروری کو منایا جائے گا۔ اس دن کے منانے کا بنیادی مقصد لسانی اور ثقافتی تنوع اور کثیر اللسانی کا فروغ ہے۔ جس کا مقصد مادری زبانوں کا تحفظ اور فروغ ہے۔
لسانی تنوع ہمیشہ سے ہماری تہذیب کے بنیادی ستونوں میں سے ایک رہا ہے۔ دنیا کے تقریباً 200 ممالک میں مختلف زبانیں بولنے والے اور مختلف قومی ثقافتوں سے وابستہ لوگ ہر سال 21 فروری کو مادری زبانوں کے عالمی دن کے طور پر مناتے ہیں۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مختلف افراد اور تنظیمیں مادری زبانوں کا عالمی دن سیمیناروں، کانفرنسوں، ورکشاپس اور مختلف تقریبات کی صورت میں مناتی ہیں تاکہ اس دن کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کیا جا سکے۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم ”یونیسکو“نے 1999 ء میں 21 فروری کو ”مادری زبانوں کا عالمی دن“ قرار دیا تھا۔ 21 فروری 2000 ء سے یہ دن پوری دنیا میں منایا جاتا ہے۔ مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر ملک بھر میں مکتلف سرکاری، غیر سرکاری اور ادبی اداروں، تنظیموں کے زیر انتظام مختلف پروگرامز اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ عام آدمی کو مں بولی کی اہمیت سے روشناس کرایا جا سکے۔