سیالکوٹ۔18فروری (اے پی پی):سابق وزیر دفاع و مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن)خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام معاشی استحکام کے لیے بہت ضروری ہے۔ اتوار کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاق میں پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے پر غور جاری ہے، اس سلسلے میں پی پی اور ن لیگ میں گفتگو ہوئی ہے جبکہ پنجاب میں ہماری اکثریت ہے جہاں ہم اکیلے حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں ، پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پراسس شروع ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب ہونگی جبکہ محمد شہباز شریف وفاق میں ہمارے وزیراعظم ہونگے کیونکہ انہیں اتحادیوں کے ساتھ ملکر حکومت کرنے کا تجربہ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت متحد ہو کر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرے گی تاکہ ملک کو آگے لے جایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام معاشی استحکام کے لیے بہت ضروری ہے لیکن کچھ لوگ ملک میں افراتفری، انتشار اور بدامنی کی سیاست کو پروان چڑھانے میں لگے ہوئے ہیں جو کسی صورت بھی ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے ہر اس نعرے سے مکر گئی جو انہوں نے لگایا جو انکے قول و فعل میں تضاد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں ہی تمام چیزیں چلیں گی۔ خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ سیاسی برادری کو چاہیئے کہ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کے لیے قربانی دے اور سیاسی استحکام کیلیے چاہے اپوزیشن میں ہی بیٹھنا پڑے اس کیلیے بھی سوچنا چاہیے کیونکہ جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا معاشی استحکام خواب ہی رہے گا ۔