راولپنڈی۔18فروری (اے پی پی):دھمیال کے علاقہ میں ڈکیتی معہ قتل کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے جانے والی پولیس ریڈنگ پارٹی پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی ، فائرنگ سے کانسٹیبل انعام علی زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق کانسٹیبل کو زخمی کر کے ڈاکو فرار ہو گئے تھے جن کی گرفتاری کے لیے سرچنگ کا عمل جاری تھا کہ ڈاکوؤں نے دوبارہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی ،جوابی فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔
ہلاک ڈاکو کی شناخت حماد کے نام سے ہوئی، واقعہ کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقعہ پر پہنچ گئے ۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کا کہنا ہے کہ فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لئے تلاش جاری ہے، انہیں جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، ملزمان کی فائرنگ سے کانسٹیبل کے زخمی ہونے کے باوجود بہادری سے مقابلہ کرنے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس ایچ او دھمیال اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پولیس جرائم کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کے دوران کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔