نگران وفاقی وزیر اطلاعات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی کی سینیٹ کی ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں شرکت، چیئرمین سینیٹ اور اراکین سینیٹ نے نگران حکومت اور وزیر پارلیمانی امور کے سینیٹ اجلاس میں کردار کو سراہا

image

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے پیر کو سینیٹ کی ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ اور ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اراکین نے نگران حکومت اور وزیر پارلیمانی امور کے سینیٹ اجلاس میں کردار پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ نگران وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے سینیٹ اجلاسوں کو ہموار طریقے سے چلانے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے اراکین سینیٹ کے سوالات کو غور سے سنا اور ان کے تفصیلی جوابات دیئے جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کی بنیادی ذمہ داری ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کرانا تھی، اس مقصد کے لئے تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کا تعاون درکار تھا۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں تعلقات رکھنے کی کوشش کی، کسی بھی جماعت کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک روا نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے نگران حکومت کو ہر ممکن تعاون کی فراہمی پر چیئرمین سینیٹ اور اراکین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US