پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کا دبئی میں گلف فوڈ2024 میں پاکستان پویلین کا افتتاح، پاکستانی نمائش کنندگان سے تفصیلی بات چیت کی

image
دبئی۔19فروری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پیر کودبئی میں جاری گلف فوڈ2024 میں پاکستان پویلین کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر انہوں نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور پاکستانی نمائش کنندگان سے تفصیلی بات چیت کی۔ دبئی میں پاکستان کے پریس قونصلر کے مطابق یو اے ای میں پاکستانی سفیر نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کی طرف سے دبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر قائم کیے گئے پویلین کے افتتاح اور دورے کے بعد میڈیا سے بھی بات کی۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ آج تقریبا سو پاکستانی کمپنیز جو فوڈ انڈسٹری کے ساتھ وابستہ ہیں وہ یہاں جمع ہوئی ہیں جو خوش آئند بات ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں پاکستان کی برآمدات میں 40 فیصد اضافہ ہوا بالخصوص چاولوں اور گوشت میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے منتظمین اور ٹی ڈی اے پی کے نمائندوں سے ملاقات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا میں دودھ کی پیداوار کے لحاظ سے تیسرا بڑا ملک ہے، پاکستان پہلی بار اس حوالے سے ابوظہبی اور سعودی عرب کی مارکیٹ میں داخل ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہے کہ پاکستانی ڈیری پراڈکٹس والے بڑی تعداد میں گلف فوڈ میں شرکت کر رہے ہیں۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ اگر ملک کی برآمدات بڑھیں گی تو پاکستان اقتصادی طور پر ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجر اور کسان ہماری اصل ریڑھ کی ہڈی ہے، ان کی توجہ برآمدات پر ہونا چاہئے۔ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے دستیاب اعدادو شمار کے مطابق کاروباری اور تجارتی مواقع سے بھرپور استفادہ کےلئے پاکستان کی100کمپنیاں گلف فوڈ میں شرکت کررہی ہیں۔

پاکستان کا شمار گندم، کپاس، گنا، آم ، کھجوروں اور مالٹوں سمیت دنیا کے دس بڑے پیداوار کنندگان میں ہوتا ہے اور پاکستان کا زرعی شعبہ عالمی منڈی میں نمایاں کردار کا حامل ہے۔پاکستان کی زرعی اورغذائی مصنوعات اپنے اعلیٰ معیار کی بناپر دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہیں۔ واضح رہے کہ دنیا بھر سے 5 ہزار سے زائد نمائش کنندگان گلف فوڈ میں شرکت کریں گےجس میں غذائی صنعت اور اس سے متعلقہ شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US