نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے سروسز ہسپتال کے اپ گریڈ ہونے والے تین بلاکس کا افتتاح کر دیا

image

لاہور۔19فروری (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پیر کے روز سروسز ہسپتال کے اپ گریڈ ہونے والے سرجیکل بلاک،میڈیکل بلاک اور ایڈمن بلاک کا افتتاح کر دیا۔

پنجاب کا سب سے ابتر سروسز ہسپتال64برس بعد صرف ساڑھے 4ماہ میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بن گیا۔وزیر اعلی نے اپ گریڈ بلاکس کا دورہ کیا اوروارڈز میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کاجائزہ لیا ۔ وزیراعلی نے نرسنگ کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور ڈاکٹر رومز بھی دیکھے۔وزیراعلی نے تمام آپریشن تھیٹرز جلد آپریشنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اپ گریڈڈ بلاکس میں صفائی کی مستقل بنیادوں پر مینجمنٹ پر توجہ دی جائے۔ نگران وزیراعلی پنجاب نے ہسپتال میں مریضوں کے ریکارڈ کا ڈیجیٹل ڈیٹا رکھنے والے نظام کا بھی افتتاح کیا۔

انہوں نے اپ گریڈیشن کے اعلی معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی بلاک کے بعد آج سروسز ہسپتال کے اپ گریڈڈ ہونے والے مزید بلاکس کا افتتاح کیا ہے۔ 6ماہ قبل سروسز ہسپتال کا دورہ کیا تو صورتحال دیکھ کر انتہائی افسوس ہوا۔سروسز ہسپتال کی حالت انتہائی ابتر تھی،میں نے کہا تھا کہ جتنے بھی ہسپتال وزٹ کئے، سب سے بری اور بدترین حالت سروسز ہسپتال کی تھی – یہ بھی کہا کہ کسی دشمن کو بھی سروسز ہسپتال کے آپریشن تھیٹر نہ بھیجوں لیکن آج سروسز ہسپتال سٹیٹ آف دی آرٹ بن چکا ہے۔ اب فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ اس ہسپتال میں ہر کوئی آ کر اپنا علاج کرائے۔پوری ٹیم کو اپ گریڈیشن پر مبارکباد دیتا ہوں۔سیکرٹری تعمیرات ومواصلات نے اپ گریڈیشن کے کام کے بارے میں بریفنگ دی۔

سیکرٹری صحت نے اپ گریڈڈ بلاکس میں علاج معالجے کی سہولتوں میں بہتری کے حوالے سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے سروسز ہسپتال کی تعمیر ہونے والی نئی لیب و ڈائیگناسٹک سنٹر کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور اس ضمن میں پرنسپل سمز کو ہدایات دیں۔ انہوں نے سروسز ہسپتال کے اپ گریڈڈ بلاکس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 6 ماہ قبل سروسز ہسپتال کا دورہ کیا تو صورتحال دیکھ کر کہا تھا کہ دشمن کو بھی اس ہسپتال میں علاج کے لئے نہ بھیجیں۔ آج سروسز ہسپتا ل سٹیٹ آف دی آرٹ بن چکا ہے،اپ گریڈیشن پر ساڑھے 4ماہ لگے۔ سروسز ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے امور میں کچھ تاخیر ہوئی، بلڈنگ پر بھی کافی وقت لگا، سروسز ہسپتال کی اب حالت بہترین ہے۔ سروسز ہسپتال کے 3 لاکھ 11ہزار سکوائر فٹ ایریا کی اپ گریڈیشن ہورہی ہے۔ سروسز ہسپتال کے مجموعی طورپر 1600بیڈز ہیں،24نئے سٹیٹ آف دی آرٹ آپریشن تھیٹرز بن رہے ہیں۔ صوبائی وزیر منصور قادر، سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور محکمہ صحت نے بہت محنت کی ہے۔

صوبائی وزیر منصور قادر دن میں 2،2بار بھی سروسز ہسپتال کا دورہ کرتے رہے ہیں۔ محکمہ تعمیرات و مواصلات سینکڑوں پراجیکٹس پر کام کررہاہے،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات ہمارے سٹار کھلاڑی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر رپورٹ آنے سے پہلے بات نہیں کرنا چاہتا۔ ہسپتالو ں میں مہیا کی جانے والی ادویات کی قیمت بڑھی ہے لیکن بجٹ وہی ہے، آنے والی حکومت چاہے تو بجٹ بڑھا سکتی ہے۔

پنجاب حکومت 50ارب روپے کی ادویات خریدتی ہے۔ 22فروری کو لاہور زو مکمل ہوجائے گا۔ جس دن تک میں وزیراعلی ہوں، اپنے افسران کا دفاع کروں گا۔ نرسز او رپیرا میڈیکس سٹاف کی تعداد بڑھائی جارہی ہے اور نرسز کو دیگر زبانوں کی تربیت بھی دی جارہی ہے۔ بڑی امید ہے کہ میرا صوبہ اور ملک اس سے 10گنا زیاد ہ ترقی کرے گا۔ صوبائی وزرا عامر میر،منصور قادر،سیکرٹریز صحت، تعمیرات ومواصلات،اطلاعات، سی سی پی او، ڈپٹی کمشنر،ڈی جی پی ایچ اے،پرنسپل سمز، ایم ایس سروسز ہسپتال، سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US