سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کا اجلاس، اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پروٹیکشن آف بریسٹ فیڈنگ اینڈ چائلڈ نیوٹریشن بل 2023 منظور

image

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کا اجلاس سینیٹر ڈاکٹر محمد ہمایوں مہمند کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔

سینیٹ کمیٹی نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پروٹیکشن آف بریسٹ فیڈنگ اینڈ چائلڈ نیوٹریشن بل 2023 ترمیم کے ساتھ متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ بل پیش کرنے والے سینیٹر پروفیسر مہر تاج روغانی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ماں کا دودھ بچے کی غذائی ضروریات میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ ماؤں کو فارمولا استعمال کرنے سے روکا جائے کیونکہ اس میں نقصان دہ مواد موجود ہوتا ہے۔کمیٹی نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (ترمیمی) بل 2024 اور پاکستان نرسنگ کونسل (ترمیمی) بل 2024 متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ ان بلوں کا بنیادی مقصد پی ایم ڈی سی اور نرسنگ کونسل پر پارلیمنٹ کی نگرانی کو یقینی بنانا ہے اور ان کے لئے اپنی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنا لازمی قرار دینا ہے۔مزید برآں سینیٹ کے ادارے نے ملک میں زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات کی خطرناک تعداد پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سینیٹر مہر تاج روغانی نے بتایا کہ ملک کی خواتین اس بڑھتی ہوئی شرح اموات سے نبرد آزما ہیں لیکن اس آفت سے نمٹنے کے لئے فیصلہ کن حکمت عملی وضع نہیں کی جا سکی۔ وفاقی حکومت، صوبائی حکام کے تعاون سے، خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرنے اور نافذ کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔

کمیٹی نے وزارت کو سفارش کی کہ وہ ہر صوبے کے تقابلی اعداد و شمار فراہم کرے تاکہ کمیٹی ہر صوبے کی پیشرفت کا جائزہ لے سکے۔علاوہ ازیں سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر بہرام خان تنگی کی جانب سے ٹی بی کنٹرول پروگرام کے تحت مریضوں کو فراہم کی جانے والی ادویات کے معیار کو چیک کرنے کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے وضع کردہ طریقہ کار کے حوالے سے اٹھائے گئے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ نیشنل ٹی بی کنٹرول پروگرام (این ٹی پی) کی جانب سے ٹی بی کے خلاف تمام ادویات عالمی ادارہ صحت کے پری کوالیفائیڈ ذرائع سے خریدی جا رہی ہیں جس میں بین الاقوامی ایجنٹوں کی جانب سے شپمنٹ سے قبل معائنے اور شپمنٹ کی فراہمی پر تھرڈ پارٹی تجزیے شامل ہیں۔

ڈاؤ یونیورسٹی کراچی کی جانب سے میرٹ کی خلاف ورزی کے معاملے پر بحث کرتے ہوئے حکام نے وضاحت کی کہ یہ معاملہ سندھ ہائی کورٹ میں اٹھایا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر سندھ ہائی کورٹ نے ڈاؤ یونیورسٹی میں داخلوں سے روک دیا تھا تاہم سندھ ہائی کورٹ نے 26 دسمبر 2023 کو درخواست مسترد کردی۔ کمیٹی کے چیئرمین نے سفارش کی کہ ایم ڈی سی اے ٹی امتحانات میں بدانتظامی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے فیصلہ کن طریقہ کار اپنایا جائے۔اسی طرح کمیٹی نے آٹو لاک سرنجوں کے ناقص ڈیزائن، منشیات کے عادی افراد اور دیہی آبادی میں ایچ آئی وی اور ہیپاٹائٹس جیسی بیماریاں پھیلانے کے ممکنہ ذرائع سے متعلق عوامی درخواست پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈریپ حکام نے بتایا کہ ڈریپ نے سرنج بنانے والے تمام مینوفیکچررز کے لئے گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں اور گائیڈ لائنز پر عمل نہ کرنے والے تمام مینوفیکچررز کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔ حال ہی میں ڈریپ نے خیبر پختونخوا میں دو فیکٹریوں کو سیل کیا ہے۔ کمیٹی نے رائے دی کہ ڈریپ کو بدعنوانی میں ملوث مینوفیکچررز کی مصنوعات کو مارکیٹوں سے واپس بلانے کے لئے ایک میکانزم تشکیل دینا چاہئے۔اجلاس میں سینیٹر مہر تاج روغانی، سینیٹر سردار محمد شفیق ترین، سینیٹر بہرام خان تنگی، سینیٹر ثنا جمالی، سینیٹر روبینہ خالد، سینیٹر شہادت اعوان ،وزارت صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US