اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، امریکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے پیر کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق امریکی سرمایہ کاروں کے وفد کی قیادت صدر و چیئرمین میریکل سالٹ ورکس کولیکٹو احمد ندیم خان کر رہے تھے۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین تجارتی و کان کنی کے شعبوں میں فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول سازگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سرمایہ کار پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کریں۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور خاص طور پر صوبہ بلوچستان معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے، پاکستان میں دنیا کی سب سے بڑی نمک کی کان موجود ہے اورپاکستان میں کان کنی کے شعبے میں امریکی سرمایہ کار سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھائیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گوادر پاکستان کی ترقی کے لئے معاشی حب ثابت ہوگا، صوبہ بلوچستان میں کان کنی کے شعبے کے فروغ کے لئے نمایاں اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور سرمایہ کاروں کے لئے ماحول سازگار بھی ہے۔امریکی سرمایہ کاروں کے وفد نے کہا کہ و ہ پاکستان سے نمک کی کان کنی کیلئے 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے اور پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے باہمی اشتراک سے جلد معاہدہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ معیار کے نمک کے ذخائر موجود ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ اور حوصلہ افزائی کے لئے مناسب قانون سازی بھی کی ہے اور سرمایہ کاری کے لئے پاکستان ایک بہترین ملک ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے امریکی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ عشائیہ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، سینیٹر کہدہ بابر، سینیٹر عبدالقادر اور سیّد علی ظفر بھی موجود تھے۔