اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان نے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے مالی و جانی حادثات سے تحفظ ممکن ہے، صارفین جاری بارشوں کے دوران بجلی حادثات سے محفوظ رہنے کیلئے بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، تاروں، ٹرانسفارمرز اور میٹرز سے مناسب فاصلہ رکھیں اور انہیں ہر گز نہ چھوئیں۔
پیر کو یہاں آئیسکو کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے صارفین سے درخواست کی کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، تاروں، ٹرانسفارمرز اور میٹرز سے مناسب فاصلہ رکھیں اور انہیں ہر گز نہ چھوئیں، جسم گیلا ہونے کی صورت میں برقی آلات جیسے کہ فریج، موٹر، استری اور دیگر آلات کو بالکل نہ چھوئیں، ننگے پائوں کپڑے استری کرنے سے گریز کریں، جانوروں کو بجلی کے کھمبوں کے ساتھ یا ٹرانسفارمرز کے نیچے بالکل نہ باندھیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو نے کہا کہ بجلی کے سوئچ کو سٹینڈ بائی پرنہ رکھیں بلکہ مکمل طور پر آف کریں، کہیں بھی بجلی کی ٹوٹی تار دیکھیں تو اس کے قریب نہ جائیں اور خاص طور پر چھوٹے بچوں کو بجلی سے متعلق احتیاطی تدابیر کے بارے میں ضرور آگاہ کریں، شارٹ سرکٹ کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے محفوظ رہنے کیلئے بجلی کی پرانی وائرنگ کو درست کروائیں۔انہوں نے صارفین سے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں متعلقہ کمپلینٹ آفس کے نمبرز، آئیسکو ہیلپ لائن نمبر 118یا کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کے نمبرز 051-9252933-34پر کال کریں۔