شعبہ صحافت معاشرے کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے،ڈاکٹر اکبر ناصرخاں

image

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصرخاں نے کہا ہے کہ شعبہ صحافت معاشرے کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے،پولیس نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں جرائم کیخلاف کارروائیوں کو جاری رکھنے کے ساتھ معلومات کو شہریوں تک پہنچانے کیلئے صحافیوں سے بہترین ہم آہنگی کو برقراررکھنا ہے۔وہ یہاں صحافیوں کے ساتھ ایک نشست میں ان خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔

اس موقع پر شعبہ صحافت سے منسلک نامور اداروں کے کرائم رپورٹرزکی بڑی تعداد موجود تھی۔ شہریوں کی سہولت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات میں مزید بہتری کیلئے تجاویز، صحافیوں کو درپیش مسائل ، اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے روزمرہ کے معاملات اور ابلاغ عامہ میں تشہیر کے متعلق مختلف پہلوئوں کو زیر غور لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ مستند اور شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس میں باقاعدہ تعلقات عامہ کا شعبہ بنایا ،جس کا مقصد بنیادی اقدار کا تحفظ،بروقت اور حقائق پر مبنی خبر کی فراہمی کے ساتھ ساتھ فوری اور مستند اطلاعات صحافیوں کو پہنچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر خبر کی بنیاد سچائی پر مبنی ہونی چاہئے ، جب بھی پولیس کے متعلق کوئی خبر شائع کریں تو اس میں پولیس کا موقف لیا جانا ضروری ہےتاکہ شہری بے بنیاد اور حقائق کے منافی خبروں سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہ ہم نے ہمیشہ حقائق پر مبنی خبروں کو شائع کیااور ہر چیز کو نظم و ضبط کے مطابق چلایا ہے۔

پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیوں میں صحافیوں کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارلحکومت میں آپکی مدد اور تعاون کے بغیر پولیسنگ ناممکن ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US