کتاب کی اہمیت اور بک ریڈنگ کے لئے گرینڈ بک فئیر کا انعقاد بہترین اقدام ہے،گورنر خیبر پختونخوا

image
پشاور۔ 20 فروری (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ علم روشنی ہے جس کو کتاب اور جدید ٹیکنالوجی سے معاشرے میں پھیلانا ہے،جدید ٹیکنالوجی کے دور میں کتابیں پڑھنے کے شوق کو عروج دیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر میڈیکل کالج میں منعقدہ خیبر فسٹ 50ویں گولڈن جوبلی کی مناسبت سے گرینڈ بک فئیر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

افتتاحی تقریب میں ڈینز خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب، چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر عمر ایوب، فیکلٹی اراکین اور طلبہ شریک تھے۔گورنر خیبر پختونخوا نے گرینڈ بک فئیر میں کتابوں اور طلبہ کی جانب سے لگائے گئے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ کتاب کی اہمیت اور بک ریڈنگ کے لئے گرینڈ بک فئیر کا انعقاد بہترین اقدام ہے،نوجوان طالبعلموں کی بک فئیر میں دلچسپی خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی زندگی میں بک ریڈنگ کےلئے ضرور وقت مختص کریں،نوجوانوں نے اخلاقی و تعلیمی معیار سے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کرنا ہے،ہمارے نوجوان آج جدید سہولیات پر مبنی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر سہولیات زیادہ ہوں تو چیلنجز اور توقعات بھی زیادہ ہوتی ہیں،ہماری نوجوانوں سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کےلئے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو اپنی جدید تکنیکی صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال میں لانا ہوگا،ملک میں بسنے والے پسماندہ طبقوں کو ریلیف دینے کےلئے اپنے وژن اور تکنیکی صلاحیتوں کو اجاگر کریں،ہمارے نوجوان قابلیت میں کسی سے کم نہیں صرف درست رہنمائی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور نرسز کی زندگیوں کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت ہونا چاہیے،شعبہ طب سے وابستہ افراد کا معاشرے میں ایک اہم مقام ہے۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US