اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2024ء کے پہلے مرحلے میں پیش کئے گئے میٹرک اور ایف اے پروگراموں کے داخلوں میں لیٹ فیس چارجز کے ساتھ 5مارچ تک توسیع دے دی ہے جبکہ ان پروگراموں میں پہلے سے داخل(جاری طلبہ)کو بغیر لیٹ فیس چارجز کے 27فروری تک انرولمنٹ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔
یہ فیصلہ ملک بھر سے طلبہ کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں پر غور کرتے ہوئے کیا گیا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی خواہش ہے کہ داخلہ حاصل کرنے کا ایک بھی امیدوار محروم نہ رہے اور ان کا قیمتی وقت ضائع نہ ہوجائے۔دونوں پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کے مین کیمپس، ملک بھر میں قائم سیل پوائنٹس، سوئفٹ سینٹرز، علاقائی دفاتر اور رابطہ دفاتر سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔آن لائن اپلائی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔طلبہ اپنی سہولت کے مطابق آن لائن اپلائی بھی کرسکتے ہیں۔