پیر کے روز آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے گروپ 1 کے دو میچوں کے بعد اس گروپ سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا ہے تاہم ان کا سیمی فائنل میں مقابلہ کس سے ہوگا یہ طے ہونا باقی ہے
انگلینڈ نے امریکہ کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنا لی ہےسوموار کے دن آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے گروپ 2 کے دو میچوں کے بعد اس گروپ سے دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہیں۔
بارباڈوس کے شہر برج ٹاؤن میں کھیلے گئے سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں انگلینڈ نے امریکہ کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر سیمی فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنائی تو دوسری جانب میزبان ویسٹ انڈیز کو جنوبی افریقہ نے شکست دیکر باہر کر دیا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ سیمی فائنل میں کون سی دو ٹیمیں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ شامل ہوں گی۔
لیکن اس سے قبل یہ جانتے ہیں کہ امریکہ کی ٹیم، جس نے پاکستان کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا تھا، انگلینڈ کے خلاف کیسے ہاری؟
انگلینڈ اور امریکہ کے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے امریکہ کی ٹیم 19ویں اوور میں 115 پر ہی آل آؤٹ ہو گئی۔ انگلینڈ کے لیگ سپنر عادل رشید نے اپنے 4 اوورز میں محض 12 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کرس جورڈن نے 2.5 اوور میں صرف 10 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جس میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔
عادل رشید نے اپنے 4 اوورز میں محض 12 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیںانگلینڈ کی ٹیم جب بیٹنگ کے لیے آئی تو انھیں اپنا رن ریٹ جنوبی افریقہ سے بہتر کرنے اور سیمی فائنل تک رسائی کے لیے 116 رنز کا ٹارگٹ 18.4 اوور میں حاصل کرنے کی ضرورت تھی تاہم کپتان جوز بٹلر کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت ہدف 10ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔
بٹلر نے 38 گیندوں پر 6 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 83 رنز بنائے۔
سوموار کے دن کھیلے گئے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیز نے سب سے زیادہ 52 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی اننگز شروع سے ہی مشکلات کا شکار دکھائی دی اور دوسرے اوور کے اختتام پر دونوں اوپنر پویلین لوٹ چکے تھے۔
جنوبی افریقہ نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو تین وکٹوں سے شکست دے دیلیکن جنوبی افریقی کے لیے مشکلات اس وقت مزید بڑھ گئیں جب دوسرے اوور کے بعد تیز بارش شروع ہو گئی اور کھیل روکنا پڑا۔
یہ بارش جنوبی افریقہ کے لیے سنہ 1992، 2003، 2015 اور بارش سے متاثرہ کئی دوسرے میچوں کی تلخ یادیں بھی ساتھ لائی جسے شاید جنوبی افریقہ بھول ہی جانا چاہتا ہے۔
بالآخر 75 منٹ کی تاخیر کے بعد جب میچ دوبارہ شروع ہوا تو تین اوور ضائع ہو چکے تھے جبکہ ہدف کو کم کر کے 123 کر دیا گیا تھا۔
وقتاً فوقتاً وکٹیں کھونے کے باوجود جنوبی افریقہ نے ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر لیا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف جیت کے بعد جنوبی افریقہ گروپ 1 سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی۔
’بدقسمتی میزبان ٹیموں کا پیچھا نہیں چھوڑ رہی‘
ویسٹ انڈیز کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد اس سال بھی میزبان ٹیم کے ورلڈ کپ جیتنے کا امکان ختم ہوگیا ہے۔
ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والا ایونٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا نواں ایڈیشن ہے۔ تاہم آج تک کوئی بھی میزبان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ نہیں جیت پائی ہے۔
ویسٹ انڈیز کی ہار پر تبصرہ کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک صارف دھیرج سنگھ کا کہنا تھا کہ ’بدقسمتی میزبان ٹیموں کا پیچھا نہیں چھوڑ رہی۔‘
اس کے علاوہ یہ بات بھی یہاں قابلِ ذکر ہے کہ آج تک سری لنکا کے علاوہ کوئی بھی میزبان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی نہیں پہنچی ہے۔
سال 2012 میں سری لنکا میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ کے فائنل میں ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو 36 رنز سے شکست دے دی تھی۔

پوانٹس ٹیبل
پوانٹس ٹیبل پر اگر نظر ڈالی جائے تو گروپ 2 میں جنوبی افریقہ 6 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم ایونٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہی ہے۔
گروپ 2 سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم انگلینڈ ہے جس کے چار پوائنٹس ہیں۔
دوسری جانب گروپ 1 کی صورتحال کافی دلچسپ ہے جہاں اس وقت انڈیا دو میچوں کے بعد 4 پوائنٹس کے ساتھ سرِفہرست ہے جبکہ آسٹریلیا اور افغانستان کے دو دو پوائنٹس ہیں۔
تاہم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر آسٹریلیا دوسری پوزیشن پر ہے۔ گروپ کی چوتھی ٹیم بنگلہ دیش دو میچوں کے بعد کوئی بھی پوانٹ حاصل نہیں کر پائی۔
اگر آج آسٹریلیا جیت گیا تو کیا ہوگا؟
آج انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان ہونا والا سپر ایٹ مرحلے کا میچ آسٹریلیا کے لیے ’ڈو اور ڈائی‘ کی حیثیت رکھتا ہے۔
اگر آج کے میچ میں آسٹریلیا جیت جاتا ہے تو اس کے سیمی فائنل میں جانے کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔
تاہم اس کے بعد اگر کل ہونے والے میچ میں افغانستان بنگلہ دیش کو ہرا دیتا ہے تو گروپ 1 سے کون سی ٹیمیں سیمی فائنل میں جائیں گی اس کا فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا کیونکہ ایسی صورت میں انڈیا، آسٹریلیا اور افغانستان، تینوں کے 4، 4 پوائنٹس ہوں گے۔

اگر آسٹریلیا انڈیا سے ہار گیا تو کون آگے جائے گا؟
آسٹریلیا کی شکست کی صورت میں انڈیا سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔ ایسی صورت میں گروپ 1 سے سیمی فائنل میں جانے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ افغانستان اور بنگلہ دیش کے میچ میں ہوگا۔
اگر افغانستان کل کے میچ میں بنگلہ کو شکست دینے میں کامیاب رہتا ہے تو وہ سیمی فائنل کے کوالیفائی کر جائے تاہم بنگلہ دیش کی جیت صورت میں آسٹریلیا، افغانستان اور بنگلہ دیش میں سے کون سی ٹیم آگے جائے گی اس کا فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔
موجودہ رن ریٹ کو دیکھتے ہوئے ایسی صورت میں آسٹریلیا کے آگے جانے کے زیادہ امکانات ہیں۔
سیمی فائنل میں کون کون آمنے سامنے ہوگا؟
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے فارمیٹ کے مطابق گروپ 1 کی ٹاپ ٹیم کا مقابلہ گروپ سے کوالیفائی کرنے والی دوسرے نمبر کی ٹیم سے ہوگا جبکہ گروپ 2 کی ٹاپر گروپ 1 سے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم سے کھیلے گی۔
فی الحال گروپ 2 ٹیمِوں کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ پوانٹس ٹیبل کے مطابق جنوبی افریقہ گروپ 2 پر پہلے نمبر پر جبکہ انگلینڈ دوسرے نمبر پر ہے۔
آج جیت کی صورت میں انڈیا گروپ 1 کی ٹاپ ٹیم کی حیثیت سے کولیفائی کر جائے گا اور اس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔ بصورت دیگر گروپ سے 1 سیمی فائنل کی ٹیموں کا فیصلہ کل ہونے والے افغانستان اور بنگلہ دیش کے میچ کے بعد ہوگا۔