اسلام آباد: سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اب ضد سے کام نہیں چلے گا۔ ہماری تحریک کو جماعت اسلامی اور مولانا فضل الرحمان کی بھی حمایت حاصل ہے۔
سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں پر دباؤ ڈالیں گے۔ قومی حکومت بنے یا پھر نئے انتخابات ہونے چاہیئیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر ادارہ اگر اپنی حدود میں رہ کر کام کرے تو پاکستان بحرانوں سے نکل جائے گا۔ سیاسی جماعتیں ایک چارٹر پر دستخط کریں اور عوام کو گواہ بنائیں۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے درخواست ہے ملکی مسائل ذاتی انا سے بڑے ہیں۔ سب سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر پاکستان کے مسائل کا علاج کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری، بلاول بھٹو اور بانی پی ٹی آئی سب ہی بڑے لیڈر ہیں لیکن ملک ان سب رہنماؤں سے بڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی میں کس کا پلڑا بھاری ؟پارٹی پوزیشن بھی سامنے آگئی
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ آج قانون اور آئین کی فتح ہوئی ہے اور ہم اپنی عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ عدلیہ نے میرٹ اور قانون کے مطابق فیصلہ کیا اور اس فیصلے سے جمہوریت مضبوط ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے واضح ہو گیا کہ الیکشن کمیشن نے غلط تشریح کی۔ الیکشن کمیشن استعفی دے اور چیف الیکشن کمشنر فی الفور مستعفی ہوں۔