لائیو: کراچی ایئرپورٹ پر ایک دن میں 13 ملکوں کو جانے والے 39 مسافر آف لوڈ

image
اہم نکات:

دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے افغانستان سے بات چیت ناگزیر، بیرسٹر سیف

ارشد شریف قتل: کینیا سے قانونی تعاون کے معاہدے کے لیے ایک ماہ کا وقت

صدر نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 10 مارچ کو طلب کر لیا

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے آخری روز 776 پوائنٹس کا اضافہ 

کراچی میں لگژری گاڑیاں چھینے والے گینگ کا سرغنہ پولیس کانسٹیبل گرفتار

کراچی ایئرپورٹ پر ایک دن میں 13 ملکوں کو جانے والے 39 مسافر آف لوڈ

کراچی ایئرپورٹ پر ایک دن میں 13 ممالک میں جانے والے 39 مسافروں کو مختلف وجوہات پر آف لوڈ کیا گیا ہے۔

سعودی عرب جانے والے 14 عمرہ زائرین ایڈوانس بکنگ اور رقم نہ ہونے پر آف لوڈ کیے گئے۔ ایران زیارات کے لیے چار مسافر کراچی ایئرپورٹ پر روکے گئے۔

اسی طرح ترکیہ، بحرین، عمان سمیت 12 ممالک کے وزٹ ویزہ ہولڈرز آف لوڈ ہوئے۔ قبرص اور آذربائیجان کے سٹوڈنٹ ویزہ ہولڈرز بھی آف لوڈ کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سفری دستاویزات کی سخت جانچ کا عمل جاری ہے اور نامکمل دستاویزات پر کسی بھی ملک کا سفر خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

پاکستان سے بیرون ملک جانے والے 44 ہزار افراد کو کیوں آف لوڈ کیا گیا؟

ارشد شریف قتل کیس: حکومت نے کینیا کے ساتھ قانونی تعاون کے معاہدے کے لیے وقت مانگ لیا

سپریم کورٹ میں ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کی سماعت میں وفاقی حکومت نے کینیا کے ساتھ باہمی قانونی تعاون کے معاہدے کی توثیق کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔ اور عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی استدعا پر ایک ماہ کا وقت دے دیا ہے۔

جمعے کو ہونے والی سماعت میں ارشد شریف کی بیوہ کے وکیل نے کہا کہ اس معاہدے کی ضرورت نہیں ہے۔ کینیا ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن فائل کی ہے۔ وفاقی حکومت نے اس میں بھی کوئی پٹیشن فائل نہیں کی۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے حکم دیا کیا کہ کینیا کی عدالت نے فیصلہ جاری کیا تھا اسے عدالتی ریکارڈ پر لایا جائے۔ عدالت نے کینیا ہائیکورٹ کا فیصلہ عدالتی ریکارڈ پر لانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی۔

صدر نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 10 مارچ کو طلب کر لیا

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے مجلس شوریٰ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پیر 10 مارچ سہ پہر 3 بجے طلب کر لیا ہے۔

صدر مملکت نے مشترکہ اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی شق 1 اور آرٹیکل 56 کی شق 3 کے تحت طلب کیا ہے۔

 قومی اسمبلی کا اجلاس منگل 11 مارچ دن ساڑھے 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے۔ صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی شق 1 کے تحت طلب کیا ہے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے آخری روز 776 پوائنٹس کا اضافہ 

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل برقرار ہے اور کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی مارکیٹ میں 776 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

100 انڈیکس 114,684 پوائنٹس کی سطح پر پہنچا لیکن اس کے بعد معمولی گراوٹ ہوئی اور مارکیٹ 776 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 14 ہزار490 پر بند ہوئی۔

گذشتہ روز بھی انڈیکس میں 1400 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا تھا اور مارکیٹ 1 لاکھ 13 ہزار 713 پوئنٹس پر بند ہوئی تھی۔

دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے افغانستان سے بات چیت ناگزیر ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے افغانستان سے بات چیت کرنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’وفاق نہ خود افغانستان سے بات کر رہا ہے اور نہ ہمیں بات کرنے دے رہا ہے۔ افغانستان سے بات چیت کے لیے طے شدہ نکات (ٹی او آرز) وفاق نے سرد خانے میں ڈال دیے ہیں۔‘

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی صرف خیبر پختونخوا کا مسئلہ نہیں، بلکہ پورے ملک کا چیلنج ہے۔ دہشت گردی ایک قومی مسئلہ ہے، جس کے حل کے لیے قومی یکجہتی ضروری ہے۔

کراچی میں لگژری گاڑیاں چھینے والے گینگ کا سرغنہ پولیس کانسٹیبل گرفتار

کراچی کے پوش ایریاز سے لگژری گاڑیاں چھینے والے گینگ کے سرغنہ پولیس کانسٹیبل رانا کاشف کو گرفتار کیا گیا ہے۔

کراچی پولیس کے مطابق ملزم سے مشہور ٹی وی ایکٹریس سے چھینی گئی  ٹویوٹا فورچونر،  فیروزآباد کے علاقے سے چھینی گئی سوزوکی آلٹو،  سرکاری اسلحہ و منشیات برآمد ہوئی ہیں۔

ملزم نے کراچی کے پوش علاقوں سے دو درجن سے زائد گاڑیاں چھیننے کا اعتراف کیا ہے۔ چوری اور چھینی گئی گاڑیاں گینگ کے دیگر ساتھیوں کے ذریعے بلوچستان میں فروخت کی جاتی ہیں۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts