پاکستان میں آئندہ ہفتے گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان

image
محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے 9 مارچ کی شام سے 16 مارچ تک پاکستان کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

سنیچر کو محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ 9 مارچ کی شام سے داخل ہونے کا امکان ہے، 12 مارچ سے اس کی شدت میں اضافہ ہوگا جو 16 مارچ تک برقرار رہ سکتا ہے۔

9 مارچ کی شام سے 16 مارچ تک شمالی علاقہ جات چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مری گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

10 مارچ کو اسلام آباد، راولپنڈی ڈویژن کے بعض مقامات، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 12 سے 16 مارچ کو بھی تک ان شہروں میں بارش کا امکان ہے۔

14 اور 15 مارچ کو کوئٹہ، زیارت، چمن، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، اوکاڑہ، بھکر اور ملتان ڈویژن میں بارش کی پیش گوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مری گلیات سمیت شمالی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث ٹریفک کی روانی میں خلل کا خدشہ ہے، جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ ہے۔ اور ان علاقوں میں جانے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts