پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ ڈالنے والے پانچ ارکان کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اتوار کو کہا ہے کہ اب یہ پانچوں ارکان قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے نااہل ہو گئے ہیں۔پارٹی سے نکالے گئے ارکان اسمبلی میں اورنگزیب خان کھچی، مبارک زیب خان، عثمان علی، ظہور قریشی اور الیاس چوہدری شامل ہیں۔بیرسٹر گوہر کے دستخط سے جاری کیے گئے نوٹیفیکشز میں کہا گیا ہے کہ ان ارکان نے 26ویں آئینی ترمیم کی حمایت کے لیے پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی کی جبکہ پارٹی اجلاس میں ترمیم کی مخالفت کا متفقہ فیصلہ کیا گیا تھا۔نوٹیفیکشز پر 12 جولائی 2025 کی تاریخ درج ہے۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ ’منحرف اراکین نے 21 اکتوبر 2024 کو ترمیم کے حق میں ووٹ دیا اور پارٹی وفاداری اور حلف کی سنگین خلاف ورزی کی۔‘نوٹیفکیشن کے مطابق ’پارٹی ہدایت پر عمل نہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا اور شوکاز نوٹس پر جواب نہ دینے پر پارٹی نے کارروائی کی۔‘نوٹیفکیشن میں ان اراکین کو قومی اسبملی میں دوسری جماعت کا ساتھ دینے پر نااہلی کا بھی مستحق قرار دیا گیا ہے۔گزشتہ برس اکتوبر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دی تھی۔