موت کے تین برس بعد سدھو موسے والا کی ’واپسی‘، ’ورلڈ ٹور کا اعلان‘

image

مشہور پنجابی گلوکار اور ریپر سدھو موسے والا کے انتقال کو تین برس بیت گئے ہیں مگر اب ان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ایسا اعلان سامنے آیا ہے جس نے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق سدھو موسے والا کے سوشل میڈیا ہینڈلز کے مطابق سدھو موسے والا 2026 میں ’سائنڈ ٹو گاڈ‘ ورلڈ ٹور کرنے جا رہے ہیں۔

یہ اعلان سدھو کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر منگل کے روز ایک ویڈیو کے ذریعے کیا گیا جس میں ان کے سٹیج پر پرفارم کرنے کی مختصر جھلک دکھائی گئی۔

ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں صرف ’2026‘ لکھا گیا ہے جبکہ اور کسی قسم کی مزید تفصیل جیسے تاریخیں، مقامات یا یہ کہ کن افراد کے ذریعے یہ کنسرٹ منعقد ہوں گے فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

مداحوں کے سوالات

’سائنڈ ٹو گاڈ‘ کے اعلان کی ویڈیو سامنے آتے ہی انسٹاگرام پر لاکھوں افراد نے ویڈیو کو لائیک کیا اور تبصروں میں خوشی اور حیرت کا اظہار کیا۔ کئی مداحوں نے خوشی سے ’خوش آمدید‘ لکھا جبکہ بعض نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ ’کنسرٹ کرے گا کون؟‘

کچھ مداحوں کا خیال ہے ورلڈ ٹور کے کنسرٹس ہولوگرام ٹیکنالوجی کے ذریعے کیے جائیں گے۔ اس سے قبل مشہور امریکی گلوکار ٹوپاک شکور کی وفات کے بعد اسی نوعیت کے شوز کیے جا چکے ہیں۔

ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’2026 میں سدھو موسے والا کا ہولوگرام شو آنے والا ہے۔‘

سدھو موسے والا کی زندگی اور موت

سدھو موسے والا جن کا اصل نام شبھدیپ سنگھ تھا سنہ 1993 میں پیدا ہوئے اور سنہ 2010 کی دہائی کے آخر میں شہرت کی بلندیوں کو پہنچے۔

    

View this post on Instagram           A post shared by Sidhu Moosewala (ਮੂਸੇ ਆਲਾ) (@sidhu_moosewala)

ان کے گانے ’47‘، ’میرے ناں‘ اور ’بمبیہا بولے‘ عالمی سطح پر مقبول ہوئے۔ انگلینڈ کے مشہور اخبار ’دی گارڈین‘ نے سنہ 2020 میں انہیں دنیا کے 50 ابھرتے ہوئے فن کاروں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

سنہ 2022 میں ایک اندوہناک واقعے میں سدھو موسے والا کو 28 برس کی عمر میں پنجاب کے علاقے جاؤہرکے میں گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ان کے قتل میں لارنس بشنوئی گینگ ملوث تھا۔

اعلان کا مقصد؟

ویڈیو میں دی گئی ویب سائٹ کے مطابق سدھو موسے والا ایک ثقافتی علامت بن چکے تھے جنہوں نے پنجابی لوک موسیقی کو جدید طرز جیسے ہپ ہاپ اور ریپ کے ساتھ ملا کر عالمی سطح پر اجاگر کیا۔

ویب سائٹ پر درج ایک جملے میں ان کا قول بھی شامل ہے ’میرے بارے لکھیا جاوے گا، ہسٹری دے وِچ۔‘ ساتھ ہی یہ بھی لکھا گیا ہے ’لکھا جا رہا ہے اور اب آپ بھی اس تاریخ کا حصہ بن سکتے ہیں۔‘

اس کنسرٹ کا انتظام ایک مشہور ادارہ کر رہا ہے مگر تاحال کسی قسم کی مزید تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ 2026 میں مداحوں کو واقعی کوئی حیران کن تجربہ میسر آتا ہے یا یہ اعلان صرف ایک تشہیری مہم کا حصہ ہے۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts