خیبرپختونخوا : بارشوں اور سیلاب سے 13 افراد جاں بحق، درجنوں مکانات متاثر

image

خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں گزشتہ دو روز کے دوران مختلف اضلاع میں 9 بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہو گئے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے نے اموات اور نقصانات کی تصدیق کرتے ہوئے خطرے کی موجودہ صورتحال سے خبردار کیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 9 بچے، 3 خواتین اور 1 مرد شامل ہیں جبکہ 2 بچے اور 1 خاتون زخمی بھی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 19 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں 17 مکانات کو جزوی اور دو کو مکمل نقصان پہنچا۔

یہ واقعات خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، کوہستان اپر، مردان، کرم، ہری پور، مانسہرہ، چترال اپر، ملاکنڈ اور شانگلہ میں پیش آئے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ25 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے اس ضمن میں پہلے ہی تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کے لیے مراسلہ ارسال کر دیا تھا۔

اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو سیاحتی مقامات پر بند سڑکوں اور رابطہ راستوں کی فوری بحالی کی ہدایت کی ہے جبکہ سیاحوں کو موسمی صورتحال سے آگاہ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے اور ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ و دیگر متعلقہ ادارے ہمہ وقت رابطے میں ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow