جنوبی وزیرستان لوئر وانا بازار میں تاجر برادری نے امن وامان کی بحالی کے لیے شٹر ڈاؤن ہڑتال کرتے ہوئے دکانیں بند کردیں۔
ہڑتال کے دوران تاجروں اور مقامی لوگوں نے بڑھتی بےامنی، اغواء برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا، مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں فوری طور پر امن و امان بحال کیا جائے اور انگور اڈہ بارڈر گیٹ کو تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھولا جائے جو گزشتہ 23 ماہ سے بند ہے۔
احتجاجی مظاہرے میں سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی شرکت کی، اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ وزیرستان میں بے امنی کے واقعات مسلسل بڑھ رہے ہیں جس سے کاروباری طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے اور لوگوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف کاروبار بند ہیں، دوسری طرف عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں، حکومت، سول انتظامیہ اور پولیس کو اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریوں کو ادا کرتے ہوئے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا کیونکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔