پنجاب میں بلیو اکانومی کو فروغ: سرگودھا اور علی پور میں 5,600 ایکڑ پر شرمپ فارمنگ منصوبہ

image

پنجاب میں آبی حیات کے فروغ کے لیے ایک بڑا قدم اٹھا لیا گیا ہے، جس کے تحت سرگودھا اور علی پور میں مجموعی طور پر 5,600 ایکڑ رقبے پر شرمپ اسٹیٹ قائم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس منصوبے کو پنجاب میں بلیو اکانومی کا سب سے بڑا منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شرمپ فارمنگ کے آغاز سے صوبے کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا اور ہزاروں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

پنجاب حکومت نے بنجر اور سیم زدہ زمینوں کو پہلی بار شرمپ فارمنگ کے ذریعے قابل استعمال بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرگودھا میں 20 ایکڑ اراضی پر شرمپ فارمنگ کے لیے 9 تالاب تیار کیے جا چکے ہیں، اور اگلے مرحلے میں مزید 10 ایکڑ اراضی کا سروے مکمل ہو چکا ہے۔

ساڑھے 4 ارب روپے کی لاگت سے کوالٹی کنٹرول لیبارٹری لاہور میں بھی 99 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے، جبکہ مظفرگڑھ میں تحقیق اور شرمپ فارمنگ کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے لیبارٹری کے قیام کا 98 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

مزید برآں، مظفرگڑھ میں 32 ٹیوب ویلز اور 8 ٹرانسفارمرز کی تنصیب کا کام مکمل ہو چکا ہے اور 57 تالاب اور 50 ٹیوب ویلز کی کھدائی بھی مکمل ہو گئی ہے، جس سے صوبے میں آبی زراعت کے فروغ میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US