خیبر پختونخوا میں 27 سے 31 جولائی تک مزید بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خدشہ

image

خیبر پختونخوا کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق سنیچر اور اتوار کو ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ بالائی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔

سنیچر کو پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ 27 جولائی سے 31 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ 

اس دوران دیر، سوات، چترال، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر ،کوہاٹ،کرک، بنوں، ٹانک، لکی مروت، ڈی آئی خان، باجوڑ، مہمند، خیبر، وزیرستان، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد ہری پور، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ ،مردان، صوابی،ہنگو اور کرم اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

اس دوران موسلادھار بارشوں کے باعث گلیات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، بونیر، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی اور مردان اضلاع کے مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی بھی آ سکتی ہے، جبکہ صوبے کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

شدید بارشوں کے باعث دریائے سوات، چترال اور پنچکوڑہ میں بھی پانی کی سطع بڑھنے سے سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کرنے کے لیے الرٹ جاری کیا ہے اور ریسکیو 1122 اور امدادی ٹیموں کو الرٹ اور پیشگی دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

اس کے علاوہ کسانوں کو فصلوں کی جلد کٹائی اور محفوظ جگہوں پر ذخیرہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے قومی و صوبائی شاہراہوں پر مسافروں کو محتاط رہنے اور متبادل راستے اختیار کرنے کی اپیل کی ہے اور عوام سے کہا کہ ہے کہ آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کے دوران محفوظ جگہوں پر پناہ لیں۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow