کراچی: کسٹمز نے 1.15 ارب مالیت کی ممنوعہ و مضر صحت اشیاء تلف کر دیں

image

پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کے زیراہتمام ضبط شدہ مضر صحت، ممنوعہ، اسمگل شدہ اور زائد المیعاد اشیاء و منشیات کو تلف اور نظر آتش کرنے کی ایک بڑی تقریب گڈاپ ٹاؤن کراچی میں منعقد ہوئی۔

تقریب کے دوران گزشتہ کارروائیوں میں ضبط کی گئی ایک ارب 15 کروڑ روپے مالیت کی ممنوعہ اور مضر صحت اشیاء کو تلف اور نظر آتش کیا گیا جن میں 3969 بوتل غیر ملکی شراب،408 کین غیر ملکی بیئر،2.316 کلوگرام چرس،337 ٹن مضر صحت چھالیہ،26,093 کلوگرام انڈین گٹکا شامل تھا۔

تلف کی گئی اشیا میں 90,509 ڈنڈے غیر ملکی سگریٹس،48,948 کین ایرانی جوس،53,326 کلوگرام چائنیز نمک،62,770 کلوگرام خشک دودھ،26,420 لیٹر خوردنی تیل،4,335 کلوگرام خوردنی گھی،زائد المیعاد ادویات، چاکلیٹس، بسکٹس، کیک، کاسمیٹکس و دیگر اشیاء شامل تھیں۔

کلکٹر معین الدین وانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ زمینی اور سمندری راستوں سے اسمگلنگ کی روک تھام اور منشیات سے معاشرے کو پاک کرنے کے لیے متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسٹمز ادارہ ملکی صنعت، معیشت اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتا رہے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow