یتیم ثناء پر چچی ظلم کرتی تھیں.. نوبیاہتا جوڑے کا قتل ! عیسائی سسر کا لرزہ خیز بیان

image

چائنہ پورٹ کے قریب نوبیاہتا جوڑے کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو پنجاب سے گرفتاری کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا۔

پولیس ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گرفتار ملزمان میں مقتولہ ثناء کا بھائی وقاص اور ایک کزن شامل ہے جن کو پنجاب پولیس کی مدد سے گرفتار کر کے کراچی منتقل کیا گیا ہے۔

مقتول ساجد کے چچا نے کہا کہ اگر پولیس ساجد کے دوست احتشام کو گرفتار کرلے تو ساری کہانی کھل کر سامنے آجائے گی، وہی ان دونوں کو گھر سے لے کر نکلا تھا اور ساجد اس پر بہت اعتماد کرتا تھا جس کاصلہ اسے موت کی صورت میں ملا ہے۔

ساجد کے والد عارف مسیح کا کہنا تھا کہ ہمیں تو ساجد سیالکوٹ کا بتا کر گھر سے نکلا تھا جس کے بعد ہمارے گھر کچھ عورتیں آئیں اور ہم سے پوچھا کہ وہ کہاں ہیں اور ہمیں دھمکیاں دیں جس کے فوری بعد ہم بے سرو سامان وہاں سے نکل آئے اور کراچی پہنچے ، ہمارے نکلنے کے فوری بعد انھوں نے ہمار گھر بھی جلا دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ مقتولہ ثناء کے والد اور والدہ فوت ہوچکے ہیں اور ایک ہی بھائی وقاص ہے جبکہ بہن بھی ہے جن کی شادی ہو چکی ہے اور یہ بہن بھائی اپنی چچی کے ہمراہ رہتے تھے جو ثناء پر بہت ظلم کرتی تھی۔ ہم ایک ہی محلے کے رہائشی تھے جس کی وجہ سے شاید ان دونوں میں محبت ہوئی اور پھر انہوں نے شادی کی۔

عارف مسیح کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے کوئی گناہ نہیں کیا مسلمان ہوا اور شادی کی لیکن انھوں نے ان دونوں کو ناحق مارا ہے، ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ ہمارے ساتھ انصاف ہو اور قاتلوں کو سزا دی جائے، ہم سب کچھ چھوڑ کر کراچی آگئے ہیں پنجاب میں ہمیں جان کا خطرہ ہے۔

یاد رہے کہ نوبیاہتا جوڑے کی لاشیں 28 جولائی کو کلفٹن چائنہ پورٹ کے قریب سے ملی تھیں، بوٹ بیسن تھانے میں دہرے قتل کا مقدمہ 600/25 سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US