حادثے کے بعد 7 گاڑیاں جلائے جانے پر ڈمپر ایسوسی ایشن کا دھرنا

image

ٹریفک حادثے کے بعد 7 ڈمپر نذر آتش کیے جانے کے خلاف ڈمپر ایسوسی ایشن نے کمشنر کراچی سے نقصان کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کردیا اور نقصان پورا نہ ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

المناک حادثے اور مشتعل افراد کے ردعمل پر شروع ہونے والا معاملہ طول پکڑتا جارہا ہے، راشد منہاس روڈ اور سہراب گوٹھ سپر ہائی وے پر ڈمپر مالکان نے احتجاج کیا، سہراب گوٹھ پر دھرنا دینے والے افراد نے پولیس سے مذاکرات کامیاب ہونے کی حامی بھری جبکہ راشد منہاس روڈ پر مظاہرین نے پولیس مذاکرات کو مسترد کردیا۔

چیئرمین انصاف ٹرک ڈمپر ایسوسی ایشن حاجی میاں جان کا کہنا ہے کہ سپر ہائی وے پر احتجاج کرنے والے ڈمپر ایسوسی ایشن کے نمائندے کو اختیار نہیں کہ وہ اکیلے فیصلہ لے۔ راشد منہاس روڈ کے مظاہرین کا احتجاج راشد منہاس روڈ پر جاری رہے گا، جب تک صوبائی وزیر ہم سے مذاکرات نہیں کرتے احتجاج جاری رہے گا۔

ڈمپر ایسوسی ایشن کی جانب سے شہر کےدو مقامات پر احتجاج کے سلسلے میں مظاہرین نے سڑکیں بلاک کردیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، ایس پی گلبرگ مظاہرین سے مذاکرات کے لیے راشد منہاس روڈ پر پہنچ گئے، ایس ایس پی گلبرگ اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات جاری ہیں تاہم مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن اور کمشنر کراچی یہاں نہیں آتے اور نقصان کا ازالہ نہیں کرتے احتجاج جاری رہے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US