مدنی مسجد کیس.. اسلام آباد انتظامیہ اور علماء کے مذاکرات کامیاب !معاہدہ طے پا گیا

image

اسلام آباد کی شہید مدنی مسجد کے معاملے پر اسلام آباد انتظامیہ اور علماء ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ مذاکرات کے نتیجے میں انتظامیہ نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ چار ماہ کے اندر مسجد کو دوبارہ اسی مقام پر تعمیر کر دیا جائے گا۔ اس دوران باقاعدگی سے پنجگانہ نمازوں کی ادائیگی کے لیے عارضی انتظامات بھی کیے جائیں گے۔

معاہدے میں یہ بھی طے پایا کہ مستقبل میں اسلام آباد میں مساجد سے متعلق کسی بھی اقدام سے پہلے انتظامیہ علماء ایکشن کمیٹی سے مشاورت کرے گی، اور مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ مجلس مشاورت کے دوران انتظامیہ نے واضح کیا کہ دیگر مساجد کو گرانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی نوٹیفیکیشن جاری ہوا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا نوٹیفیکیشن جعلی ہے اور کسی بھی مسجد کو گرانے کا نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔

علماء کے ذرائع نے بھی تصدیق کی کہ اسلام آباد انتظامیہ نے مدنی مسجد کو گرانے کے حوالے سے اپنی غلطی کا اعتراف کیا ہے اور اسی بنیاد پر مسجد کی دوبارہ تعمیر کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ فی الحال اس مقام پر کچی اینٹوں سے بنایا گیا ایک عارضی احاطہ موجود ہے جہاں بارش اور سخت موسم کے باوجود پنجگانہ نمازوں کی ادائیگی جاری ہے۔

معاہدے پر دستخط جے یو آئی اسلام آباد کے امیر مفتی اویس عزیز اور اسلام آباد انتظامیہ کے نمائندے اے ڈی سی جی صاحبزادہ محمد یوسف نے کیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US