انسداد دہشتگردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل سمیت 14 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق اے ٹی سی راولپنڈی میں جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت 9 مئی کے 12 مقدمات کی سماعت کی۔ دوران سماعت ملزمان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئیں تاہم عدالت نے یہ درخواستیں مسترد کر دیں۔
جن رہنماؤں کی استثنیٰ کی درخواستیں خارج ہوئیں اور جن کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ان میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز، زرتاج گل، کنول شوذب، احمد چٹھہ، راشد شفیق، رائے مرتضیٰ، بلال اعجاز اور چوہدری آصف سمیت 14 افراد شامل ہیں۔
پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان ضمانت حاصل کرنے کے باوجود پیش نہیں ہو رہے لہٰذا ان کی ضمانت خارج کی جائے اور گرفتاری کے احکامات جاری کیے جائیں۔
عدالت نے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے تمام 14 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور آئندہ سماعت پر انہیں گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا کیس کی سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔