کلفٹن چائنہ پورٹ کے قریب شوہر سمیت قتل کی جانے والی خاتون کی لاش سسرالیوں نے سرد خانہ سے وصول کرلی۔
مقتولہ ثناء کی نماز جنازہ بعد نماز عصر ادا کی جائے گی اور محمد شاہ قبرستان نارتھ کراچی میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ چھیپا سرد خانے پر لاش وصول کرنے آئے مقتول ساجد کے والد عارف مسیح نے "ہماری ویب" کو بتایا کہ ثناء ہماری بہو تھی اور مسلمان بھی تھی، ہم نے اپنے بیٹے ساجد کی تدفین بھی مسلم طریقے سے کی ہے کیونکہ وہ مسلمان ہو چکا تھا اور بہو کی تدفین بھی اسلامی طریقے سے کریں گے، پولیس نے ہمیں بتایا تھا کہ ثناء کے گھر والوں نے لاش وصول کرنے سے منع کردیا ہے، ہم تو پہلے بھی دونوں کی تدفین ایک ساتھ کرنا چاہتے تھے۔
مقتول ساجد کے چچا کا کہنا تھا کہ ہم سندھ پولیس سے انصاف کی توقع رکھتے ہیں اور اس اپیل کرتے ہیں کہ جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دیں، عارف مسیح کے ہمراہ آئے مولانا جان سید نے بتایا کہ ساجد کی تدفین بھی ہم نے ہی اسلامی طریقے سے کی تھی اور اب ثناء کی تدفین بھی اسی قبرستان میں کی جائے گی۔
چھیپا ترجمان شاہد خان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس پولیس لیٹر ہے اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ثناء کی لاش ان کے حوالے کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ نوبیاہتا جوڑے کی لاشیں 28 جولائی کو کلفٹن چائنہ پورٹ کے قریب سے ملی تھیں، سمندر کے قریب سے خاتون اور مرد کی گولیاں لگی لاشیں ملنے کا مقدمہ 600/25 بوٹ بیسن تھانے میں سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔