کشمیر: جموں میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی، 9 افراد ہلاک، 14 زخمی

image

انڈیا کے زیرِانتظام جموں کے علاقے میں مسلسل تین روز سے جاری بارشوں کے نتیجے میں علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور کم سے کم 9 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے چار افراد ڈوڈہ میں جبکہ پانچ ویشنو دیوی یاترا کے دوران ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام نے دو روز کے لیے تعلیمی اداروں کو بند کر دیا ہے۔

اس کے بعد ویشنو دیوی یاترا کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں ریسکیو آپریشن کا آغاز ہو گیا ہے۔ اسی اثنا میں بھگواتی نگر کے علاقے میں سیلابی ریلے سے چوتھا پُل بھی تباہ ہو گیا ہے۔ 

حکام کے مطابق تاوی اور چناب سمیت متعدد دریاؤں میں پانی خطرے کے نشان سے اُوپر یا خطرے کے نشان تک پہنچ چکا ہے۔ بارشوں سے ہونے والی لینڈسلائیڈنگ سے کئی سڑکیں بند ہو چکی ہیں جن میں جموں سری نگر نیشنل ہائی وے بھی شامل ہے۔ 

اس سے قبل جموں و کشمیر کے وزیراعلٰی عمر عبداللہ نے سیلاب کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں ںے حکام کو ہدایت کی کہ ہائی الرٹ رہیں اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر انہوں ںے لکھا کہ ’جموں کے کئی علاقوں میں صورت حال تشویش ناک ہے۔ میں پہلی دستیاب فلائٹ کے ذریعے سری نگر سے جموں پہنچ رہا ہوں تاکہ ذاتی طور پر صورت حال کی نگرانی کر سکوں۔‘

انڈیا کے محکمہ موسمیات نے یونین ٹیریٹری کے متعدد علاقوں کے لیے سیلاب اور شدید بارشوں کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے جن میں پُونچھ، میرپور، راجوڑی، کُلگام، ریاسی، جموں، سامبا، کٹھوا، کشتواڑ، اُدھم پور، رامبان اور ڈوڈہ شامل ہیں۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US