اسرائیلی بمباری سے متاثرہ فلسطینی شدید سردی اور بارش میں مشکلات کا شکار

image

غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے بے گھر ہونے والے فلسطینی شدید سردی اور طوفانی بارش کے باعث انسانی المیے کا سامنا کر رہے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق شدید ٹھنڈ کے نتیجے میں ایک اور نومولود دم توڑ گیا۔ رہائش، ایندھن اور حفاظتی سہولیات کی کمی بچوں اور بزرگوں کی زندگیوں کے لیے شدید خطرہ بن گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے غزہ میں بچوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ فلسطین میں یونیسف کے کمیونیکیشن چیف جوناتھن کرکس نے کہا کہ بچے ایسے خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں جو بارش کے پانی سے بھر چکے ہیں، کمبل بھیگ چکے ہیں اور بچوں کے پاس کپڑوں کے صرف ایک یا دو جوڑے ہیں جس کے باعث انہیں خشک رکھنا تقریباً ناممکن ہو گیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی کہا ہے کہ غزہ میں حالیہ طوفانوں اور سردی سے ہونے والی اموات محض خراب موسم کا نتیجہ نہیں بلکہ یہ اسرائیل کی جانب سے پناہ اور مرمت کے سامان کی فراہمی روکنے کا نتیجہ ہیں۔

ادھر پناہ گزین کیمپ میں شدید طوفان اور اسرائیلی بمباری کے باعث ایک گھر کی چھت گر گئی جس میں 2 بچوں سمیت 6 افراد ملبے تلے دب گئے۔ تاہم ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام متاثرین کو زندہ نکال لیا۔

غزہ میں جنگ سے تباہ شدہ علاقے میں جاری شدید سردی اور بارش انسانی بحران کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔ یونیسف نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر بڑے پیمانے پر موسم سرما سے بچاؤ کے اقدامات نہ کیے گئے تو نومولود اور ننھے بچوں کی اموات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US