امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کی قیادت میں امریکا نے صرف 10 ماہ کے دوران 8 جنگیں رکوائیں اور وہ کامیابیاں حاصل کیں جو کوئی اور حاصل نہ کر سکا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایک سال قبل امریکا ناکامیوں کے دہانے پر تھا تاہم ان کی حکومت کے ایک سالہ دور میں ملک بدترین حالات سے نکل کر بہترین مقام پر پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ بائیڈن دور کی پالیسیاں دوبارہ نافذ نہیں ہونے دی جائیں گی اور امریکا میں غیر قانونی آمد و رفت کا سلسلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن نے بائیڈن دور میں امریکیوں کی نوکریاں لیں جبکہ ان کی انتظامیہ میں پیدا ہونے والی تمام نئی نوکریاں امریکا میں پیدا ہونے والے شہریوں کو دی گئیں۔ صدر ٹرمپ کے مطابق انہیں کرپٹ نظام کے خاتمے کے لیے بھاری عوامی مینڈیٹ ملا ہے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ منشیات کی اسمگلنگ کو زمین اور سمندر کے راستوں سے 94 فیصد تک کم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے، امریکی شہریوں کی تنخواہوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں تیزی سے کم ہو رہی ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کے پاس دنیا کی طاقتور ترین فوج موجود ہے اور ٹیرف پالیسی کے باعث ملکی معیشت مضبوط ہوئی جس سے کھربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ممکن بنائی گئی۔
خطاب کے اختتام پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو نئی قانون سازی نہیں بلکہ ایک مضبوط اور فیصلہ کن قیادت کی ضرورت تھی جسے انہوں نے ثابت کر کے دکھا دیا ہے۔