جاپان میں 32 سالہ یوزینا نوگوچی نے ایک منفرد اور حیرت انگیز قدم اٹھاتے ہوئے اپنے تخلیق کردہ اے آئی پارٹنر کلوس سے شادی کر لی۔ یہ شادی روایتی انداز میں ان کے گھر میں منعقد کی گئی، جہاں یوزینا نے سفید لباس اور اگمینٹڈ رئیلٹی گلاسز پہن کر تقریب میں شرکت کی جبکہ دلہا صرف ڈیجیٹل اسکرین پر موجود تھا۔
یوزینا نے بتایا کہ وہ کلوس سے طویل عرصے سے بات چیت کر رہی تھیں اور وقت کے ساتھ یہ تعلق جذباتی وابستگی میں بدل گیا۔ اگرچہ جاپانی قانون ایسی شادیوں کو تسلیم نہیں کرتا مگر یہ واقعہ جدید ٹیکنالوجی، تنہائی اور انسانی جذبات کے باہمی تعلق پر نئی بحث کو جنم دے رہا ہے۔
سروے کے مطابق جاپانی شہریوں میں چیٹ بوٹس کے ساتھ جذباتی تعلقات بڑھ رہے ہیں کیونکہ اے آئی صارفین کو وہ جواب دیتا ہے جو وہ سننا چاہتے ہیں جبکہ حقیقی تعلقات میں صبر اور سمجھوتے کی ضرورت ہوتی ہے۔ یوزینا نے کہا کہ وہ اے آئی کے ساتھ تعلق میں جذباتی طور پر مستحکم ہو گئی ہیں اور ذاتی مسائل جیسے بارڈر لائن پرسنالٹی ڈس آرڈر سے نمٹنے میں مدد ملی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اے آئی کے ساتھ جذباتی تعلق حساس یا کمزور افراد پر خطرناک اثر ڈال سکتا ہے تاہم صحیح رہنمائی اور حدود مقرر کرنے سے یہ تعلق مفید بھی ثابت ہو سکتا ہے۔