بیلجیئم کا جنرل اسمبلی اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان

image

بیلجیئم کے وزیر خارجہ میکسم پریوٹ نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطین کی ریاست کو تسلیم کر لے گا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میکسم پریوٹ نے منگل کو ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’فلسطین کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں تسلیم کر لیا جائے گا اور اسرائیلی حکومت کے خلاف سخت پابندیاں بھی لگائی جا رہی ہیں۔‘

جولائی میں فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکخواں نے بھی کہا تھا کہ وہ بھی اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں گے جس کا انعقاد نو سے 23 ستمبر کے درمیان نیویارک میں شیڈول ہے۔

اس کے بعد ایک درجن سے زائد دوسرے مغربی ممالک نے دیگر ممالک سے بھی یہی قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

بیلجیئم کے وزیر خارجہ میکسم پریوٹ کا کہنا تھا کہ ’یہ فیصلہ غزہ میں جاری انسانی المیے کے پیش نظر کیا گیا ہے، جہاں اسرائیلی حملے کی وجہ سے کم از کم ایک بار زیادہ تر آبادی کو بے گھر ہونا پڑا ہے اور اقوام متحدہ نے وہاں قحط آنے کا اعلان کر رکھا ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی، نسل کشی کے خطرات کو روکنے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو نگاہ میں رکھتے ہوئے بیلجیئم کو سخت فیصلے کرنا پڑے جن کا مقصد اسرائیلی حکومت اور حماس پر دباؤ بڑھانا ہے۔‘

میکسم پریوٹ کا مزید کہنا تھا کہ ’اس کا مقصد اسرائیلی عوام کو سزا دینا نہیں ہے بلکہ یہ امر یقینی بنانا ہے کہ ان کی حکومت بین الاقوامی اور انسانی قوانین کا احترام کرے اور کچھ ایسا اقدام کیا جائے کہ جس کی بدولت صورت حال میں تبدیلی آئے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US