ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال باغ میں ڈاکٹر اور نرسنگ اسٹاف کی مبینہ غفلت کے باعث 22 سالہ خاتون دم توڑ گئی۔ خاتون کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ غلط انجیکشن اور نرسنگ اسٹاف کی لاپرواہی نے مریضہ کی جان لی۔
جاں بحق خاتون کے ورثاء اور مقامی نوجوانوں نے اسپتال کے ایمرجنسی گیٹ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا۔ مظاہرین نے اعلان کیا ہے کہ جب تک ذمہ دار ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف کو معطل کر کے شفاف انکوائری شروع نہیں کی جاتی، وہ میت کو اسپتال سے نہیں اٹھائیں گے۔
احتجاجی مظاہرین نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی جبکہ ورثاء نے یہ بھی شکایت کی کہ واقعے کے چار گھنٹے گزر جانے کے باوجود میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) اسپتال جائے وقوعہ پر موجود نہیں۔
مظاہرین نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعے کا فوری نوٹس لیں اور غفلت کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے سانحات پیش نہ آئیں۔