پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم جائے وقوعہ سے لی گئی تصاویر سے مماثلت نہیں رکھتیں جس سے یہ معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔
کراچی میں 25 سالہ نوجوان تاجر میر علی رضا کی موت کا معمہ حل ہونے کے بجائے مزید اُلجھ گیا ہے جبکہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ نے بھی مزید سوالات اُٹھا دیے ہیں۔
بی بی سی کو ملنے والی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میر علی رضا کا پوسٹ مارٹم موت کے 21 سے 36 گھنٹے بعد کیا گیا جبکہ اُن کے سینےپر بڑے زخموں کے نشانات پائے گئے ہیں۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق گولی کے جسم میں داخل ہونے کا نشان بڑا ہے جبکہ نکلنے کی جگہ پر چھوٹا سوراخ ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے ڈیزرٹ برینڈوافلکس کے 25 سالہ مالک میر علی رضا 28 جولائی کو اپنے گھر سے نکلے تھے اور ایک روز بعد اُن کی لاش پراسرار حالات میں کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر بلاک ون میں پہاڑی اور شاہی قلعہ گراؤنڈ کے قریب جھاڑیوں سے ملی تھی۔
سات روز گزر جانے کے پولیس یہ تعین نہیں کر سکی کہ میر علی رضا کی موت کیسے ہوئی اور نہ ہی اب تک کوئی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید نے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ‘ میں بتایا کہ زیادہ تر کیسز میں گولی کے داخل ہونے کا زخم عام طور پر چھوٹا جبکہ نکلنے کا زخم بڑا ہوتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم جائے وقوعہ سے لی گئی تصاویر سے مماثلت نہیں رکھتیں جس سے یہ معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔ کیونکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ نے جوابات کے بجائے مزید سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
سمعیہ سید کا کہنا تھا کہ ہم بدھ کو اس معامل پر تفتیشی حکام کے ساتھ دوبارہ بیٹھیں گے اور اُمید ہے کہ یہ کیس جلد حل ہو جائے گا۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق لاش پر تعفن کے آثار نمایاں تھے، جسم پر شدید سوجن اور رنگ میں تبدیلی آچکی تھی۔

’والدہ کو کہہ کر گیا تھا دس منٹ میں آ رہا ہوں‘
میر علی رضا 28 جولائی کو اپنی والدہ سے یہ کہہ کر گھر سے باہر نکلے تھے کہ وہ دس منٹ میں واپس آ جائیں گے۔
لیکن دس منٹ کا یہ وقفہ طویل ہوتا چلا گیا اور ایک دن بعد بدھ کے کو پولیس کو ان کی تشدد زدہ لاش ملی۔
اس سے قبل میر علی رضا کی موت کا معمہ حل کرنے کے لیے پولیس نے ایک تین رُکنی کمیٹی قائم کی تھی۔
تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ایس ایس پیسمیع اللہ سومرو ہوں گے، جبکہ ایس ایس پی ایسٹ اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد عثمان سدوزئی بھی اس میں شامل ہیں۔
کراچی پولیس کے سربراہ کی جانب سے تشکیل دی گئی تحقیقاتی ٹیم کو مقتول میر رضا علی خان کے مبینہ اغوا اور قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے اور ان کی گرفتاری کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم ضرورت پڑنے پر کراچی کے کسی بھی پولیس افسر کو اپنی معاونت کے لیے طلب کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔
ٹیم کے اراکین نے پیر کو میر علی رضا کے والد اور اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے بیانات قلمبند کیے، جس کے بعد گلستان جوہر میں واقعے جائے وقوع کا بھی معائنہ کیا۔
بی بی سی نے اس کیس کے حوالے سے پولیس اور میر علی رضا کے اہلخانہ سے بات چیت کی ہے۔
میر رضا علی کراچی کے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے گریجویٹ تھے جبکہ وافلکس کے بانی بھی تھے۔
ان کے والد میر حسین علی کی جانب سے کراچی کے فیروز آباد تھانے میں دائر کی جانے والے مقدمہ کی ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ان کا 25 سالہ بیٹا 28 جولائی کی شب اپنی دکان وافلکس بہادر آباد چورنگی سے اپنی گاڑی پر گھر آیا۔
ایف آئی آر کے مطابق میر رضا علی نے اپنی والدہ کو تقریباً چار بجے رات کو بتایا کہ وہ ’دس منٹ میں گھر کے نیچے سے ہو کر واپس آتا ہے۔‘
مدعی کے مطابق میر رضا علی کا موبائل فون ان کے پاس ہی تھا لیکن کافی دیر بعد جب بیٹا واپس نہیں آیا تو ان کی بیگم نے بیٹے کے نمبر پر کال کی جو بند تھا۔
میر رضا علی کی والدہ نے مدعی کو نیند سے اٹھا کر بتایا جس کے بعد وہ اپنے طور پر بیٹے کو تلاش کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ اس دوران انھوں نے مددگار 15 پر بھی اطلاع دی تھی۔
کپڑوں سے شناخت
ایک روز بعد پولیس کو گلستانِ جوہر کے بلاک ون میں شادی قلعہ کے قریب جھاڑیوں سے ایک لاش ملی۔ لیکن اس لاش کی شناخت آسان نہیں تھی۔
ایس ایچ او کامران قریشی کے مطابق ’ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ مقتول کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد انھیں گولی مار کر قتل کیا گیا۔‘
تاہم پولیس کے مطابق ’جسم کے بعض حصوں پر جلنے کے نشانات بھی موجود تھے جس کے باعث شناخت مشکل تھی۔‘
پولیس کے مطابق مقتول کے والد نے کپڑوں کی مدد سے اپنے بیٹے کی شناخت کی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق مقتول کے سینے پر ایک گولی ماری گئی۔
’میرا غرور تو چلا گیا‘
میر حسین علی نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے ’دو ہی بچے تھے، ایک بیٹا اور ایک بیٹی۔‘
وہ کہتے ہیں کہ ’جہاں تک کسی سے دشمنی، لین دین کے معاملے کا تعلق ہے، تو ایسا بالکل کچھ نہیں تھا۔ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔‘
ان کے مطابق ’جس دن ایف آئی آرکٹی، اس کے اگلے ہی دن بچے کی باڈی مل گئی۔‘
و کہتے ہیں کہ ’لاش بھی تھانے کو ملی تھی اور انھوں نے اسے نامعلوم کے طور پر درج کیا تھا۔ اب اس معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ کل بچے کی تدفین تھی اور آج اس کا سوئم ہے۔‘
وہ کہتے ہیں کہ ان کا بیٹا انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں پڑھتا تھا اور مارکیٹنگ کے شعبے کا آنر سٹوڈنٹ تھا۔ ’وہ ایک بہت ہی لائق اور قابل بچہ تھا۔‘