کراچی کے علاقے لانڈھی میں ایک افسوسناک واقعہ نے سب کو ہلا کر رکھ دیا۔ 7 سالہ سعد علی، جو اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا، کئی دنوں سے لاپتہ تھا اور اہل خانہ بےچینی سے اس کی تلاش میں تھے۔ لیکن چھ دن بعد اس کی بوری بند لاش گھر کے قریب کچرے کے ڈھیر سے ملی، جس نے پورے محلے کو سوگوار کر دیا۔
اہل محلہ کے مطابق سعد 18 ستمبر کو محلے کی دکان سے چیز لینے گیا تھا اور پھر واپس نہیں آیا۔ گھر والوں نے ہر جگہ تلاش کیا اور مقدمہ بھی درج کرایا لیکن کوئی خبر نہ ملی۔ پیر کی رات جب لاش ملی تو گھر میں کہرام مچ گیا، والدین اپنے لختِ جگر کے صدمے سے نڈھال ہیں اور فضا سوگوار ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاش پانچ سے چھ دن پرانی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچے کو سر پر سخت چیز لگنے سے جان گنوانا پڑی جبکہ جنسی زیادتی کے شواہد بھی ملے ہیں۔ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور تمام پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ سعد کی نمازِ جنازہ اور تدفین ظہر کے بعد ادا کردی گئی۔ اس دل خراش واقعے نے نہ صرف خاندان بلکہ پورے علاقے کو دکھ میں مبتلا کر دیا ہے اور سب انصاف کا انتظار کر رہے ہیں۔
جبکہ بچے کی تدفین کے بعد ورثا لانڈھی تھانے کے باہر سراپا احتجاج ہوگئے۔ احتجاج میں غم زدہ خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور لانڈھی جانے اور آنے والی سڑک ٹریفک کے لئے بند ہوچکی ہے۔