بنگلہ دیش کو شکست، ایشیا کپ فائنل میں انڈیا اور پاکستان پہلی مرتبہ مدمقابل ہوں گے

image
ایشیا کپ ٹی20 کے سپر فور مرحلے کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں کوالیفائی کر لیا ہے۔

جمعرات کو دبئی میں 136 رنز کے حدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔

اس سے قبل بنگلہ دیش کی دعوت پر بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے تھے۔

اتوار کو پاکستان فائنل میچ میں روایتی حریف انڈیا کا سامنا کرے گا۔

بنگلہ دیش کی اننگزبنگہ دیش نے حدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ پہلے اوور میں گر گئی، اوپنر پرویز حسین ایمان صفر پر آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کو دوسرا نقصان ون ڈاؤن کریز پر اترنے والے توحید ہردوئے کی صورت میں ہوا، وہ پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اوپنر سیف حسن دو چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد مہدی حسن 11، نورل حسن 16 اور کپتان جاکر علی پانچ، تنظیم حسن ثاقب 10 اور تسکین احمد چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ رشاد حسین 16 اور مستفیض الرحمٰن چھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے تین تین، صائم ایوب نے دو جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 33 رنز کے بدلے تین وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کی اننگزپاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان کریز پر اترے۔ پاکستان کو سب سے پہلا نقصان صاحبزادہ فرحان کی صورت میں اٹھانا پڑا جو چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ون ڈاؤن آنے والے صائم ایوب ایک مرتبہ پھر صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اوپنر فخر زمان 13 رنز بنا کر رشاد حسین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ حسین طلعت تین رنز بنا کر رشاد حسین کا شکار بنے۔

کپتان سلمان علی آغا 19 رنز بنا کر پویلین لوٹے یوں 49 رنز کے قلیل سکور پر پاکستان کی آدھی ٹیم آؤٹ ہو گئی۔

اس کے بعد شاہین شاہ آفریدی 19، محمد حارث 31 اور محمد نواز 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فہیم اشرف 14 اور حارث روؤف تین رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حارث 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)

بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے تین، مہدی حسن اور رشاد حسین نے دو دو جبکہ مستفیض الرحمٰن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ انڈیا پہلے ہی ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

اس میچ میں سلمان علی آغا (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، صائم ایوب، حسین طلعت، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔

بنگلہ دیش کی پلیئنگ الیون

اس میچ میں جاکر علی (کپتان)، سعید حسن، پرویز حسین ایمان، توحید ہریدَے، شمیم حسین، نورالحسن، رشاد حسین، مہدی حسن، تنزیم حسن ثاقب، تسکین احمد اور مستفیض الرحمٰن بنگلہ دیش کی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US