ایشیا کپ ٹرافی کا تنازع: انڈین ٹیم کے رویے پر اے بی ڈی ویلیئرز بھی بول پڑے

image

سابق جنوبی افریقی کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے ایشیا کپ 2025 کے فائنل کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 

اپنے یوٹیوب چینل پر جاری ایک ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان سیاسی معاملات کا کھیل پر سایہ ڈالنا ’انتہائی افسوسناک‘ ہے۔

ڈی ویلیئرز کے مطابق انڈیا اس بات پر ناخوش دکھائی دیا کہ ٹرافی کس کے ہاتھوں میں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ کھیل کا حصہ نہیں ہونا چاہیے۔ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے اور اسے اس کی اپنی خوشی کے ساتھ منایا جانا چاہیے۔‘

 انہوں نے کہا کہ یہ صورتِ حال کھلاڑیوں کو مشکل پوزیشن میں لے آئی جسے دیکھ کر وہ افسوس کا اظہار کرتے  ہیں۔

ایشیا کپ کے دوران کرکٹ سے زیادہ دونوں ملکوں کے سیاسی تعلقات موضوعِ بحث بنے رہے۔ اگرچہ انڈیا ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا، لیکن فائنل کے بعد کھلاڑیوں کے درمیان مصافحہ نہ کرنے اور باہمی رویے پر سوشل میڈیا پر خاصی بحث ہوئی۔

ڈی ویلیئرز نے اس تنازع کے باوجود انڈین ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ انڈیا کی ٹی20 ٹیم آئندہ سال ورلڈ کپ سے پہلے ’انتہائی مضبوط‘ نظر آ رہی ہے۔ ان کے مطابق ٹیم انڈیا بڑے ٹورنامنٹس میں کھیلنے میں مہارت رکھتی ہے اور یہی اسے دوسروں سے ممتاز کرتی ہے۔

خیال رہے 28 ستمبر کو دبئی میں ہونے والے ایشیا کپ کے فائنل میں انڈیا نے پاکستان کو ہرایا تھا تاہم انڈین ٹیم ٹرافی وصول کیے بغیر ہی گراؤنڈ سے چلی گئی تھی۔ اس سے قبل ہونے والے میچ میں انڈین کھلاڑیوں نے پاکستانی پلیئرز سے ہاتھ نہیں ملایا تھا۔

دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان 26 اپریل کو ہونے والے پہلگام واقعے کے بعد سخت کشیدگی پیدا ہوئی تھی اور مئی کے شروع میں دونوں نے ایک دوسرے پر حملے بھی کیے تھے جس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا تاہم تعلقات اب بھی کشیدہ ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US