صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کو ہدایت کی ہے کہ وہ پنجاب اور سندھ حکومتوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کو کم کرنے میں فعال کردار ادا کریں۔
ذرائع کے مطابق بلاول ہاؤس کراچی میں رات گئے ہونے والی ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور دونوں صوبائی حکومتوں کے درمیان جاری کشیدگی پر گفتگو ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت نے وفاقی وزیرِ داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ سیاسی ہم آہنگی اور وفاقی تعاون کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے صدرِ مملکت کو ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور صوبوں کے درمیان رابطوں سے متعلق بریفنگ دی۔ صدر آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ حالیہ صورتحال میں محتاط بیانات دیں اور سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنے میں مثبت کردار ادا کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ اور پنجاب حکومتوں کے درمیان بیانات کے تبادلے سے سیاسی فضا کشیدہ ہو گئی تھی جس کے باعث پیپلز پارٹی نے پارلیمنٹ کے اجلاسوں کا بائیکاٹ بھی کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی کل وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے جس میں مریم نواز کے حالیہ بیانات اور پنجاب حکومت کے موقف پر بھی مشاورت کی جائے گی۔