شکارپور (رپورٹ عارف قریشی)
تین روز قبل سلطان کوٹ اسٹیشن کے قریب سومرو واہی کے مقام پر ریلوے ٹریک پر ہونے والے بم دھماکے کا مقدمہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) لاڑکانہ تھانے میں درج کرلیا گیا۔
سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق مقدمہ ریلوے ملازم پیار علی لاشاری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں نامعلوم دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا ہے۔مقدمہ نمبر 04/2025 ایکسپلوزِو ایکٹ کی دفعات 3، 4، 5 کے علاوہ 337 ایف (ون)، 334، 427 اور انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 7ATA کے تحت درج کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق نامعلوم دہشتگردوں نے سلطان کوٹ اسٹیشن کے قریب ریلوے پٹڑی کو بم دھماکے سے نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کی بوگی نمبر 5 متاثر ہوئی اور 7 مسافر زخمی ہوگئے جن میں عبیدالرحمٰن، سلیم، جاوید، جمیل، محمد شفیق، محمد یونس اور امِ حبیبہ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات سی ٹی ڈی انسپکٹر سکندر علی چانڈیو کے سپرد کردی گئی ہیں جبکہ اب تک 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش جاری ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ریلوے تنصیبات کو نقصان پہنچانے اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے کی گئی، تاہم ذمہ داروں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔