گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ انہیں اب تک وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کوئی باضابطہ استعفیٰ موصول نہیں ہوا۔
اپنے بیان میں گورنر نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ کا استعفیٰ موصول ہوتا ہے تو آئین اور قانون کے مطابق تمام ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اس خبر کو غلط اور بے بنیاد قرار دیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ کا استعفیٰ ملٹری سیکرٹری کو موصول ہو چکا ہے۔
مزید گفتگو میں گورنر خیبر پختونخوا نے بتایا کہ اپوزیشن کے وزیراعلیٰ کے امیدوار کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ تاحال نہیں ہوا۔ ان کے مطابق امیدوار کے نام کا اعلان اپوزیشن لیڈر کے اختیار میں ہے جو مناسب وقت پر اپنا فیصلہ کریں گے۔
گورنر نے ایک بار پھر زور دیا کہ میرے پاس وزیراعلیٰ کا کوئی آفیشل استعفیٰ نہیں آیا اور جب آئے گا تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔