لاہور میں سڑکیں بند، عوام پریشان: مذہبی جماعت کے احتجاج کے خلاف کارروائی پر وکلاء کا احتجاج

image

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک آصف احمر اعوان، نائب صدر سحرش اعجاز، جنرل سیکریٹری فرخ الیاس بٹ، فنانس سیکریٹری مدثر حامد اور آفس سیکریٹری شعیب گوندل کے جاری کردہ مشترکہ بیان میں تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان پر پولیس تشدد، گرفتاریوں اور مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں کارکنان کی شہادت کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

بار عہدیداران نے کہا کہ آئین پاکستان ہر شہری کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے اور اس آئینی حق کو دبانا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ حکومت پاکستان فوری طور پر ٹی ایل پی کے گرفتار کارکنان کو رہا کرے، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرے اور ان واقعات کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائے۔

صدر لاہور ہائی کورٹ بار، ملک آصف احمر اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف جمہوری اقدار کے منافی ہیں بلکہ ملک میں افراتفری اور انتشار کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور آئین کی پاسداری کو یقینی بنانا چاہیے۔

اعلامیے کے آخر میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں کسی شہری کے بنیادی حقوق پامال نہ ہوں۔

دوسری جانب لاہور میں ہنگامی صورتحال کے باعث شہر کی بیشتر سڑکیں اور اندرونی گلیاں بند ہیں۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اندرون شہر، داخلی وخارجی راستوں پر کنٹینر لگا کر اور رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردی گئی ہیں جبکہ تمام موٹر ویز کے داخلی و خارجی راستے بھی بند کردیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کسی ناخوشگوار واقعے کے خدشے کے پیش نظر میٹرو بس سروس بھی جزوی طور پر معطل کردی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ شہر کے اندرونی راستے بند ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، دفاتر جانے والے شہریوں کے ساتھ ایمبولینسز کو بھی اسپتال پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

چنگی امر سدھو فیروز پور روڈ ٹریفک کے لیے بند ہونے کے باعث میت لے جانے والی ایمبولینس بھی پھنس کر رہ گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US