صدرِ مملکت سے فیلڈ مارشل کی ملاقات، داخلی و خارجی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو

image

صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایوانِ صدر میں اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی داخلی و خارجی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایوانِ صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق فیلڈ مارشل نے صدر مملکت کو افغان طالبان حکومت کے حالیہ جارحانہ اقدامات اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔

فیلڈ مارشل نے صدرِ مملکت کو بتایا کہ پاک فوج نے افغان سرحد پر اشتعال انگیز کارروائیوں کا بروقت اور مؤثر جواب دیا اور ملکی سرحدوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

فیلڈ مارشل نے بتایا کہ افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے چمن کے علاقے اسپن بولدک اور کرم سیکٹر میں حملے کیے جنہیں فورسز نے بھرپور کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا۔پاک فوج کی جوابی کارروائی میں درجنوں حملہ آور ہلاک ہوئے جبکہ متعدد پوسٹس اور ٹینک تباہ کیے گئے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری، صلاحیت اور دفاعی تیاریوں کو سراہا اور افواجِ پاکستان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے اور پاکستان اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ہونا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے تاہم پاک فوج نے بروقت اور مؤثر کارروائی سے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔

ملاقات میں قومی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف اقدامات، اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ سے متعلق امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US