انڈیا کے شہر بنگلورو سے تعلق رکھنے والے ایک سرجن کو اپنی ڈاکٹر بیوی کے قتل کے الزامات کا سامنا ہے جن کو انہوں نے مبینہ طور پر اینستھیزیا کی زیادہ مقدار دے کر مار ڈالا۔اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مبینہ قتل کا واقعہ رواں سال اپریل میں پیش آیا تھا جبکہ پولیس نے فرانزک رپورٹ آنے کے بعد ملزم کو دو روز قبل منگل کو گرفتار کیا ہے۔فرانزک کی رپورٹ میں واضح ہے کہ 24 سالہ بیوی کریتیکا ریڈی کی ہلاکت اینستھیزیا سے ہوئی تھی جس کی جسم میں موجودگی کی تصدیق بھی ہوئی ہے۔31 سالہ ڈاکٹر مہیندرریڈی وکٹوریا ہسپتال کےگیسٹرو اینٹرالوجی اینڈ آرگن ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں بطور سرجن کام کرتے ہیں جبکہ ان کی بیوی کریتیکا ڈرمیٹولوجسٹ تھیں۔ڈکٹر مہیندر پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے اپنی 28 سالہ اہلیہ کریتیکا ریڈی کو قتل کیا ہے جن سے انہوں نے گزشتہ سال مارچ میں شادی کی تھی۔سٹی پولیس کمشنر سیمنت کمار سنگھ نے ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے کہا کہ فرانزک کی رپورٹ میں پرپوفول اینستھیزیا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے جو دراصل سرجری سے پہلے مریض کو بےہوش کرنے کے لیے لگایا جاتا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ کریتیکا ریڈی کی ہلاکت کے بعد غیر فطری موت کا مقدمہ درج کیا گیا لیکن فرانزک کی رپورٹ کے بعد مقتولہ کے والد نے ایک نیا مقدرمہ درج کروایا ہے جس میں ’داماد پر اینستھیزیا یادہ مقدار میں دینے اور قتل کا الزام عائد کیا ہے۔‘پولیس تحقیقات کے مطابق مہیندر ریڈی 24 اپریل کو اپنی اہلیہ کریتیکا کو کیویری ہسپتال لائے تھے اور کہا کہ وہ گھر میں تھیں جب بے ہوش ہو کر گر پڑیں۔تاہم ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹرز نے کریتیکا کو مردہ قرار دے دیا۔
پولیس کے مطابق بیوی کی طویل علالت شوہر کے قتل کرنے کی وجہ ہو سکتی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
ہسپتال کی جانب سے ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جاری کیا گیا جس کے بعد لاش کی آٹاپسی ہونی لازمی تھی اگرچہ مہیندر نے ہسپتال انتظامیہ کو ایسا کرنے سے روکنے کی بھرپور کوشش کی۔
انہوں نے اپنے سسر سے بھی اصرار کیا کہ وہ پولیس سے آٹاپسی نہ کروانے کی درخواست کریں۔ایڈیشنل کمشنر پولیس کے مطابق اہل خانہ کے اعتراض کے باوجود لاش کا معائنہ کیا گیا اور یہ ضروری اس لیے بھی تھا کیونکہ ہسپتال کی طرف سے ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جاری ہو چکا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ سرجن شوہر نے بتایا کہ ان کی بیوی کو کافی عرصے سے معدے کا مسئلہ تھا جس کا وہ علاج کر رہے تھے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کریتیکا کی طویل علالت کے باعث ان کے شوہر کافی پریشان تھے اور یہی بات شاید قتل کی وجہ بنی۔’شادی کے فوراً بعد مہیندر کو معلوم ہوا کہ کریتیکا کوصحت کے مختلف مسائل کا سامنا ہے بشمول بلڈ پریشر کا کم رہنا اور معدے کا مسئلہ۔ وہ کریتیکا کے والدین سے ناراض بھی تھے کہ انہوں نے اپنی یٹی کی بیماری سے متعلق چھپایا تھا۔‘کریتیکا کے والد منی ریڈی نے پولیس سٹیشن میں دائر اپنی درخواست میں کہا ہے کہ مہیندر ریڈی اپنی بیوی کریتیکا سے اکثر پیسے بھی مانگا کرتے تھے۔ والد نے اپنی درخواست میں مطالبہ کیا کہ ان کی بیٹی کے قتل کے الزام میں شوہر مہیندر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔