چین کی فضائی کمپنی ایئر چائنا کی ایک کمرشل مسافر پرواز کو اُس وقت شنگھائی کی طرف موڑ دیا گیا جب ایک مسافر کے ہینڈ کیری میں موجود لیتھیم بیٹری نے اچانک آگ پکڑ لی۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو پیش آنے والے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یہ واقعہ ایئر چائنا کی پرواز سی اے139 میں پیش آیا جو چین کے مشرقی شہر ہانگژو سے جنوبی کوریا کے انچیون انٹرنیشنل ایئرپورٹ جا رہی تھی۔
ایئر لائن نے چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ’ایک لیتھیم بیٹری نے مسافر کے ہینڈ کیری سامان میں اچانک آگ پکڑ لی تھی۔‘
ایئر لائن کے مطابق عملے نے فوری طور پر طے شدہ حفاظتی طریقہ کار کے مطابق صورتحال کو سنبھالا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔‘
طیارے کو شنگھائی پوڈونگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے لیے موڑ دیا گیا تاکہ پرواز کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
سرکاری میڈیا ادارے جیمو نیوز کی جانب سے شائع کردہ ایک تصویر میں اوور ہیڈ کمپارٹمنٹ سے شعلے نکلتے دکھائی دیے جبکہ کیبن میں دھواں بھی دیکھا گیا۔
تصویر میں ایک مسافر کو آگ بجھانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق پرواز نے مقامی وقت کے مطابق صبح نو بج 45 منٹ پر ہانگژو سے اڑان بھری اور جاپان کے جنوبی جزیرے کیوشو اور چین کے مشرقی ساحل کے درمیان سمندر پر مکمل یوٹرن لینے کے بعد 11 بجے کے قریب شنگھائی میں لینڈنگ کی۔