پوتن اور ٹرمپ کے ساتھ بداپسٹ سمٹ میں شرکت کے لیے تیار ہوں: صدر زیلینسکی

image
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ اگر انہیں دعوت دی جاتی ہے تو وہ روسی صدر ولادیمیر پوتن اور امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہنگری میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ اور پوتن نے کہا ہے کہ وہ ہنگری کے دارالحکومت بوداپسٹ میں ملاقات کریں گے۔

یہ ملاقات اگلے چند ہفتوں میں متوقع ہے کیونکہ امریکی صدر تین سالہ جنگ، جو 2022 میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد شروع ہوئی تھی، کے خاتمے کے لیے امن معاہدہ کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ولادیمیر زیلنسکی نے پیر کو جاری کیے گئے اپنے بیان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر مجھے بوداپسٹ میں مدعو کیا جاتا ہے، اگر یہ ایسی دعوت ہے جس میں ہم تینوں ایک ساتھ ملاقات کرتے ہیں، یا جیسا کہ اسے ‘شٹل ڈپلومیسی’ کہا جاتا ہے، یعنی صدر ٹرمپ الگ الگ پوتن اور مجھ سے ملتے ہیں، تو کسی نہ کسی فارمیٹ میں ہم اتفاق کر لیں گے۔‘

یوکرینی صدر نے اجلاس کے مقام کے انتخاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہنگری کی حکومت کیف کے ساتھ کشیدہ تعلقات رکھتی ہے اور یورپی یونین کے اندر ماسکو کی سب سے ہمدرد حکومت سمجھی جاتی ہے۔

صدر زیلنسکی نے کہا، ’میں نہیں سمجھتا کہ ایک ایسا وزیرِاعظم جو ہر موقع پر یوکرین کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے، یوکرینی عوام کے لیے کچھ مثبت کر سکتا ہے یا متوازن کردار ادا کر سکتا ہے۔‘

یہ بیان انہوں نے ہنگری کے وزیرِاعظم وکٹر اوربان کے حوالے سے دیا۔

کیف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ زیلنسکی، پوتن اور ٹرمپ کے درمیان سہ فریقی ملاقات کے لیے متعدد غیر جانبدار ممالک، جن میں ترکی، سوئٹزرلینڈ اور ویٹیکن شامل ہیں، میں شرکت کے لیے تیار ہے۔

1994 میں ماسکو نے بوداپسٹ میں ایک یادداشت پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت سوویت دور کے جوہری ہتھیاروں سے دستبرداری کے بدلے یوکرین، بیلاروس اور قازقستان کو سلامتی کی ضمانت دی گئی تھی۔

زیلنسکی نے کہا، ’ایک اور ‘بوداپسٹ’ جیسا منظرنامہ ہمارے لیے مثبت ثابت نہیں ہوگا۔‘

صدر ٹرمپ، جو اس سال کے آغاز میں دوبارہ وائٹ ہاؤس پہنچے، یوکرین کی طویل جنگ کے فوری خاتمے کے خواہاں ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US