یورپی یونین کے ممالک کا 2027 تک روسی گیس کی درآمدات ختم کرنے پر اتفاق

image
یورپی یونین کے ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ 2027 کے اختتام تک روس سے باقی ماندہ گیس کی درآمدات مرحلہ وار ختم کر دیں گے۔

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یوکرین پر ماسکو کی جنگ کے باوجود یورپی ممالک روس کے تیل پر انحصار کر رہے ہیں۔

پیر کو لکسمبرگ میں توانائی کے وزرا کے اجلاس میں یورپی کمیشن کی اس تجویز کی منظوری دی گئی جس کے تحت روس سے پائپ لائن گیس اور مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی درآمدات بند کی جائیں گی، تاہم اس پر عملدرآمد یورپی پارلیمنٹ کی منظوری سے مشروط ہے۔

ڈنمارک کے توانائی کے وزیر لارس آگارڈ، جن کا ملک اس وقت یورپی یونین کی صدارت کر رہا ہے، نے اس اقدام کو یورپ کی توانائی خودمختاری کی جانب ایک ’اہم‘ قدم قرار دیا۔

یہ منصوبہ یورپی یونین کی اس وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد روسی توانائی پر انحصار ختم کرنا ہے۔

آگارڈ نے کہا کہ ’اگرچہ ہم نے گذشتہ برسوں میں روسی گیس اور تیل کو یورپ سے نکالنے کے لیے سخت محنت کی ہے، لیکن ہم ابھی مکمل طور پر اس سے آزاد نہیں ہوئے۔‘

یورپی کمیشن اس کے ساتھ ساتھ ایل این جی کی درآمدات کو ایک سال پہلے، یعنی جنوری 2027 تک ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو کہ ماسکو کی جنگی صلاحیت کو کمزور کرنے کے لیے نئی پابندیوں کے پیکیج کا حصہ ہے۔

تاہم پابندیوں کے لیے یورپی یونین کے 27 ممالک کی متفقہ منظوری درکار ہوتی ہے، جو اکثر حاصل کرنا مشکل ثابت ہوتا ہے۔

برسلز کے مطابق 2025 میں روسی گیس اب بھی یورپی یونین کی کل درآمدات کا تقریباً 13 فیصد حصہ ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے برعکس پیر کو منظور کی گئی تجارتی پابندیوں کے لیے 15 ممالک کی اکثریتی حمایت کافی ہوتی ہے۔

اگرچہ یوکرین پر حملے کے بعد روس سے پائپ لائن کے ذریعے گیس کی درآمدات میں نمایاں کمی آئی ہے، لیکن کئی یورپی ممالک نے سمندری راستے سے روسی ایل این جی کی خریداری میں اضافہ کیا ہے۔

برسلز کے مطابق 2025 میں روسی گیس اب بھی یورپی یونین کی کل درآمدات کا تقریباً 13 فیصد حصہ ہے، جس کی مالیت سالانہ 15 ارب یورو سے زائد ہے۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US