ٹیسٹ کپتان شان مسعود کنسلٹنٹ انٹرنیشنل کرکٹ بھی مقرر: ’پاکستانی کرکٹ میں کچھ بھی ہو سکتا ہے‘

پاکستان کرکٹ میں ابھی محمد رضوان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ونڈے ٹیم کا کپتان بنانے پر شور تھما نہیں تھا کہ شان مسعود کو ایک اہم عہدے سے سرفراز کیے جانے پر شور برپا ہو گيا ہے۔
شان مسعود
Getty Images

پاکستان کرکٹ میں ابھی محمد رضوان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے پر شور تھما نہیں تھا کہ شان مسعود کو ایک اہم عہدے سے سرفراز کیے جانے پر پھر سے شور برپا ہو گيا ہے۔

دراصل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کو کنسلٹنٹ انٹرنیشنل کرکٹ اینڈ پلیئرز افیئرز بنانے کا اعلان کیا ہے۔

جہاں ایک طرف شان مسعود کو اس حوالے سے مبارکباد دی جا رہی ہے وہیں سوشل میڈیا پر صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اس کے منطق پر سوال اٹھایا ہے۔

کنسلٹنٹ انٹرنیشنل کرکٹ اینڈ پلیئرز افیئرز ایک نیا عہدہ ہے جس کی ذمہ داریاں وہی ہیں جو کہ پہلے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کی ہوا کرتی تھیں۔ شاید اسی وجہ سے یہ کہا جا رہا ہے کہ وہ آئندہ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ بنا دیے جائیں گے۔

شاہد آفریدی کی شان مسعود کو مبارکباد

اگرچہ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کے عہدے کے لیے پی سی بی نے اشتہار دے رکھا ہے اور اس کے لیے درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 2 نومبر ہے تاہم سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے شان مسعود کو کنسلٹنٹ کے بجائے ڈائریکٹر انٹرنیشل کرکٹ بننے کی مبارکباد دی ہے۔

شاہد آفریدی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’شان مسعود کو پی سی بی کا انٹرنیشنل ڈائریکٹر مقرر ہونے پر مبارکباد، یہ بہت اچھا انتخاب ہے۔

’میرا مشورہ ہے کہ سرفراز احمد ڈومیسٹک کرکٹ کی قیادت کے لیے بہترین ہوں گے۔‘

شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ’صرف کرکٹرز ہی اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے چیلنجز اور ضروریات کو صحیح معنوں میں سمجھتے ہیں، یہ کردار اس سے بہتر ہاتھوں میں نہیں ہو سکتے۔ پی سی بی کو پاکستان کرکٹ کے لیے سوچ سمجھ کر اور مستقبل کے حوالے سے فیصلے کرتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوئی۔‘

کرکٹ نیوز ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق پی سی بی کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ شان مسعود اس عہدے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بھی رہیں گے اور امکان ہے کہ شان مسعود کو ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کا عہدہ دیا جائے گا۔

اس سے قبل عثمان واہلہ پی سی بی میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کے عہدے پر مئی 2023 سے فائز رہے تھے۔ انھیں رواں سال ستمبر میں معطل کیا گیا تھا اور اب اس عہدے پر کون تعینات ہے، اس حوالے سے اب تک پی سی بی نے آگاہ نہیں کیا ہے۔

کرک انفو کے مطابق اطلاعات ہیں کہ شان مسعود اور دیگر کھلاڑیوں کو نئے عہدے کے بارے میں اس وقت آگاہ کیا گیا تھا جب وہ جنوبی افریقی ٹیم کے لیے وزیر اعظم کی طرف سے دیے گئے ڈنر میں شرکت کر رہے تھے۔

شان مسعود کو ریٹائر ہو جانا چاہیے
Getty Images
بہت سے صارفین اس نئی ذمہ داری سنبھالنے سے قبل شان مسعود کو ریٹائر ہو جانے کا مشورہ دے رہے ہیں

سوشل میڈیا پر پی سی بی پر تنقید اور شان مسعود کو ریٹائر ہو جانے کا مشورہ

پاکستان میں جاری حالیہ تبدیلیوں پر بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مون میورک نامی ایک صارف نے لکھا: 'اس کا مطلب یہ ہے کہ شان مسعود ہی شان مسعود کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور یہ طے کریں گے کہ شان مسعود کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا جانا چاہیے یا نہیں۔ شان مسعود شان مسعود سے مطمئن نہ ہونے پر شان مسعود شان مسعود کو کپتانی سے ہٹا سکتے ہیں۔‘

ایک دوسرے صارف راجہ توقیر نے لکھا کہ 'ایسا کیوں نہ کیا جائے کہ شاہین کو بنا دیا جائے؟ چیئرمین بھی شاہین، ڈائریکٹر بھی شاہین، کپتان بھی شاہین؟'

کرکٹ میں دلچسپی لینے والے کامران مظفر اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا: ’حال ہی میں ریٹائر ہونے والے کرکٹرز کو بغیر کسی متعلقہ تجربے، تربیت یا تعلیم کے بطور سلیکٹر، کوچ، منیجر اور ڈائریکٹر مقرر کرنے سے لے کر فعال کرکٹرز اور امپائرز کو بطور سرپرست، مشیر، سلیکٹر اور اب یہاں تک کہ 'کنسلٹنٹ بین الاقوامی کرکٹ اینڈ پلیئرز افیئرز' مقرر کیا جا رہا ہے۔۔۔ پاکستان کرکٹ اپنے خراب ترین تجرباتی دور سے گزر رہا ہے۔ اور ’متعلقہ تجربہ‘ نامی چیز کا مذاق اڑانا جاری ہے۔‘

انڈیا کے ایک صارف انکت اتم نے کامران مظفر کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’کوئی بھی فعال کھلاڑیوں کو ایڈمنسٹریشن کے عہدوں پر تعینات نہیں کرتا لیکن میرے خیال میں پی سی بی خاص ہے۔‘

ایک دوسرے انڈین صارف رگھومنم نے شان مسعود کی تعلیمی لیاقت کو سراہتے ہوئے لکھا: ’کیا آپ جانتے ہیں کہ وہ کتنا پڑھا لکھا ہے؟ وہ ایک اچھا کھلاڑی نہیں ہے لیکن وہ موجودہ ٹیم میں سب سے زیادہ تعلیم یافتہ ہے اور مجموعی طور پر سٹینفورڈ سکول سے معاشیات اور ڈرہم یونیورسٹی سے سپورٹس مینجمنٹ میں گریجویشن کیا ہوا ہے۔‘

عثمان سمیع الدین نامی ایک صارف نے شان مسعود کی تقرری پر لکھا کہ پاکستانی کرکٹ میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’جب بھی میں سوچتا ہوں کے پاکستان کرکٹ میں اس سے زیادہ عجیب چیز نہیں ہو سکتی تو مزید ایک ایسی چيز ہو جاتی ہے۔‘

ایک صارف سعد ناصر نے لکھا کہ شان مسعود کو اپنا نیا کردار سنبھالنے سے پہلے ریٹائر ہو جانا چاہیے۔

اس کا جواب دیتے ہوئے ایک صارف نے لکھا ہے کہ عین ممکن ہو ایسا ہو اور وہ ریٹائرمنٹ لے لیں اور اس کے ساتھ ہی شان بال کا عہد ختم ہو جائے اور ٹی20 میچز کے دوران ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان کا اعلان ہو جائے۔

اب تک خود شان مسعود نے اس پیشرفت پر تبصرہ نہیں کیا ہے۔

36 سالہ کھلاڑی شان مسعود نے 44 ٹیسٹ، نو ون ڈے اور 19 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ انھوں کل ملا کر 3،108 بین الاقوامی رنز بنائے ہیں، جس میں چھ ٹیسٹ سنچریاں بھی شامل ہیں۔

شان مسعود نے 14 ٹیسٹ میں پاکستان کی کپتانی بھی کی ہے، جس میں حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی دو میچوں کی سیریز بھی شامل تھے۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US